سرینگر// مائسمہ لالچوک میں ہولناک آگ میں6دکانیں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ریڈ کراس روڑ ماسئمہ میں اتوار کی اعلیٰ صبح اس وقت افراتفری مچ گئی جب ایک دکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی اوردیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپٹ میںلے لیا ۔مقامی لوگوں کے مطابق آگ کی لپٹیں اس قدر شدید تھیں کہ دور سے انکی تپش کو محسوس کیا گیا۔ اس دوران آگ بجھانے والے عملے کو بھی مطلع کیا اور کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیاگیا۔ آگ کے واقعہ میں 6دکانیں مکمل طورپرخا کستر ہو گئیں اور ان میںموجود ساز و سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کر لیا ہے ۔ادھر اپنی پارٹی صدرسعید محمد الطاف بخاری نے اسمبلی حلقہ امیرا کدل کے مائسمہ علاقہ میں آتشزدگی کے واقعہ میں6دکانیں خاکسترہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف بخاری نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ فوری طور پر نقصانات کا تخمینہ لگاکر متاثرین کو ایکس گریشیاریلیف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے متاثر ہ دکانداروں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مائسمہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے حادثات سے بچا جاسکے۔ محمد یاسین خان کی قیادت والے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کا ایک وفد نائب صدر منظور احمد بٹ اورجنرل سیکریٹری بشیر احمد کنگپوش کی سربراہی میں متاثرہ دکانداروں سے ملا اور انکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے متاثرہ دکانداروں کے حق میں فوری طور پر معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز احمد شہدارنے ماسئمہ میں ہولناک آگ سے ہوئے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کیا جائے ۔