کشتواڑ/ /ضلع میں محکمہ مال کا لینڈ ریکارڈ رواں سال کے ماہ مئی سے ڈیجیٹل ہو رہا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا کی قیادت میں پیر کے روز ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ’’ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈس ماڈرنائزیشن پروگرام ‘‘کے تحت لینڈ ریکارڈ کے ڈیجیٹلائزیشن کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ریونیو ڈاکیومنٹس کے سکیننگ / نقشوںکا عمل رواں سال کے مئی مہینے کے پہلے ہفتہ سے شروع ہوگا۔تاہم پُرانا لینڈ ریکارڈ مرحلہ وار سکین کیا جائے گا،جس میں تحصیل کشتواڑ کے لئے پہلے مرحلہ میں کام شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈی سی نے کہا کہ محکمہ مال کے لینڈ ریاکرڈ اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ’’ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈس ماڈرنائزیشن پروگرام ‘‘ (DILRMP).کے عمل میں تعاون کریں۔ڈی سی نے کہا کہ پروجیکٹ میں مالکان اراضی کے حق ملکیت کے نام میں شفافیت ہونی چاہیے ،تاکہ زمین کے جھگڑے کم سے کم ہو جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈس ،وادی چناب محمد حنیف ملک نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کا ڈیجٹلائزڈ ہونا زمین کے نقشوں میں شفافیت لائے گا۔انہوں نے شرکا کو پروجیکٹ کے مختلف اعضا سے واقف کیا۔انہوں نے کہا کہ خدمات مہیا کرنے والے نے پروجیکٹ کا دفتر قائم کرنے اور ریوینو ریکارڈز کی سکیننگ کے لئے مشینری و آلات کے لئے ریوینو کمپلیکس کے اندر مناسب جگہ کی درخواست کی ہے۔دریں اثنا ،تحصیلدار کشتواڑ کی قیادت میں تحصیل کشتواڑ کے ریوینیو ریکارڈ کی فہرست تیار کرنے کے لئے محکمہ کے اہلکاروں کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ۔