جموں //صوبائی کمشنر کشمیر بصیر خان کی لیفٹنٹ گورنر کے چوتھے مشیر کی تعیناتی کے ساتھ ہی انہیں محکمہ دیہی ترقی وپنچایتی راج، محکمہ بجلی اور محکمہ سیاحت کے قلمدان دیئے گئے ہیں جبکہ بھٹناگر سیکورٹی ، انٹیلی جنس اور ملی ٹینسی مخالف معاملات پر لیفٹنٹ گورنر کی معاونت کرینگے۔ محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے جاری ہونے والے حکم کے مطابق محکمہ بجلی ، محکمہ دیہی ترقی وپنچایتی راج، محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ،ریلیف و بازآبادکاری، محکمہ کلچر، محکمہ سیاحت و باغبانی کا قلمدان بصیر خان کو دیاگیاہے ۔ترقیاتی سرگرمیوں پر محیط محکمہ جات کے قلمدان 3مشیروں کو سونپے گئے ہیں جبکہ چوتھے مشیر راجیو رائے بھٹناگر کو سیکورٹی ،ملی ٹینسی اور انٹیلی جنس سے جڑے معاملات کی نگرانی پر مامور کیاگیاہے جو اس سلسلے میں لیفٹنٹ گورنر کی معاونت کریں گے۔ سابق آئی پی ایس افسر بھٹناگر محکمہ داخلہ سے جڑے اہم معاملات جیسے ٹیرر مانیٹرنگ گروپ ، فورسز کی تعیناتی، امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے تیاریوں، آپریشنل تیاریوں،جیل ، فارینسک سائنس لیب،پراسکیوشن ،منشیات پر قابو پانے اور پاسکو پر لیفٹنٹ گورنر کو معاونت دیں گے ۔بھٹناگر کو صحت و طبی تعلیم، تعمیرات عامہ ، پی ایچ ای و اریگیشن ، ٹرانسپورٹ ، اینمل ہسبنڈری اور شیپ ہسبنڈری محکمہ جات کے قلمدان بھی دیئے گئے ہیں ۔سابق آئی پی ایس افسر فاروق خان کو خوراک، شہری رسدات و امور صارفین ، سماجی بہبود، قبائلی امور، محنت وروزگار ، یوتھ سروسز و سپورٹس، اے آرآئی و ٹریننگ ، کوآپریٹو الیکشن اور حج و اوقاف محکمہ جات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔اسی طرح کے کے شرما کو منصوبہ بندی ،صنعت و حرفت، سکول ایجوکیشن، ہائرایجوکیشن، ٹیکنکل ایجوکیشن ، زراعت اور باغبانی محکمہ جات کے قلمدان دیئے گئے ہیں ۔محکمہ عمومی انتظامی ، محکمہ داخلہ اور اینٹی کرپشن بیورو سے جڑی فائلیں لیفٹنٹ گورنر کو پیش کی جائیں گی جبکہ آئی اے ایس ، آئی پی ایس اور آئی ایف ایس سے جڑی فائلوں کو محکمہ عمومی انتظامی کی طرف سے چیف سیکریٹری کے ذریعہ لیفٹنٹ گورنر تک پہنچایاجائے گا۔اسی طرح سے محکمہ مکانات و شہری ترقی، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، محکمہ جنگلات و ماحولیات اور محکمہ اطلاعات کی فائلیں بھی چیف سیکریٹری کے ذریعہ لیفٹنٹ گورنر تک پہنچیں گی ۔حکمنامہ کے مطابق محکمہ خزانہ ، ہسپٹلٹی و پروٹوکول اور سیول ایوی ایشن کی فائلیں فائنانشل کمشنر فائنانس کے ذریعہ لیفٹنٹ گورنر کو بھیجی جائیں گی ۔