جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں کووِڈ ۔19 کی صورتحال، اومی کرون ، 15 سے18 برس تک کی عمر کے گروپوں کیلئے ٹیکہ کاری اور جموںوکشمیر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کووِڈ ٹاسک فورس اور ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایس ایس پیز کے ساتھ میٹنگوں کی صدارت کرتے ہوئے کووِڈ کی نئی شکل اور ملک بھر میں معاملات میں اَضافہ کے پیش نظر تمام ہسپتالوں میں آکسیجن پلانٹس ، مطلوبہ اَدویات کی دستیابی ، آئی سی یو اور آکسیجن سپورٹیڈ بیڈس کے آڈِٹ کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور صحت حکام کو ہدایت دی کہ وہ پنچایتی سطح سے شروع ہونے والے صحت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور بہترین طریقے سے اِستعمال کرنے کو یقینی بنائیں۔ اَضلاع میں صحت ٹیموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر رابطے کا پتہ لگانے ، آکسیجن سلنڈروں اور کنسنٹریٹروں کے آڈِٹ کے ساتھ ساتھ وینٹی لیٹروں کی دستیابی اور کام کرنے پر توجہ دیں۔میٹنگ میں 3؍ جنوری 2022ء کو شروع کی جانے والی 15سے 18برس تک کی عمر کے گروپ کیلئے ٹیکہ کاری مہم کے ایکشن پلان پر وقتی عمل درآمد پر تبادلہ خیال ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے 15سے 18برس تک عمر کے گروپ کو کووِڈ ویکسین کے آسانی سے اِنتظام کرنے کے طریقہ کار اور تیاریوں کے بارے دریافت کرتے ہوئے ہر ٹیکے لگانے والے فرد کی 30منٹ کی لازمی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کووِڈ پر قابو پانے کے اِقدامات کی ضلع وار صورتحال طلب کی گئی جہاں اُنہوں نے کووِڈ پروٹوکول کی عمل آوری اور کووِڈ کے اومی کرون قسم کے خطرے کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے چلائی جانے والی بیداری مہم کے بارے میٹنگ کو جانکاری دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ صحت اور ضلعی ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ اَفراد ی قوت اور مشینری کو تیار رکھیں ، صحت بنیادی ڈھانچے ، ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن کی صلاحیتوں کو جاری رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر اِنتظام کے لئے پی ایس اے آکسیجن پلانٹوں اور دیگر صحت کے آلات کا ڈرائی رَن شروع کریں۔اُنہوںنے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) کی اہمیت پر زور دیا جس میں سماجی دوری برقرار رکھنا اور ماسک پہننا شامل ہے ۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے اَضلاع میں کووڈ پروٹوکول سی اے بی کی عمل کو یقینی بنائیں۔ ہیلتھ سروسز جموںاور کشمیر کے ڈائریکٹروں کو ہدایات دی گئیں کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اَپنے وسائل کو تیار کرنے کے لئے ایک موک ڈرل کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سی ایم اوز سے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لئے اَپنے متعلقہ اَضلاع میں صحت بنیادی ڈھانچے اور اِنسانی وسائل کی تیاری کے اِقدامات اور ان کی صورتحال کو درج کرتے ہوئے ایک مشترکہ رِپورٹ پیش کریں۔
۔15سے 18سال کے بچے ٹیکہ کاری آج سے
پرویز احمد
سرینگر // جموں و کشمیر میں آج سے 15سے 18سال کے زمرے میں آنے والے بچوں کی ٹیکہ کاری کا عمل شروع ہوگا۔ جموں کے گاندھی نگر ہائر سیکنڈری سکول میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور کشمیر میں چیف سیکریٹری ہیلتھ کوٹھی باغ ہائر سیکنڈری سکول میں مہم کا آغاز کریں گے۔ ڈائریکٹر جنرل صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر سلیم الرحمن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ جموں و کشمیر میں 15سے 18سال کے زمرے میں آنے والے 8لاکھ 33ہزار بچوں کو ٹیکہ دینے کیلئے 933 مراکز قائم کئے گئے ہیں، جموں میں 419 جبکہ کشمیر میں 514مراکز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر 70سے 80ہزار بچوں کو ٹیکہ دینے کا ہدف مقررہ کیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 25دسمبر کو ملک کے نام اپنے خصوسی پیغام میں 15سے 18سال کے بچوں کیلئے Covaxinکو منظوری دینے کا علان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 3جنوری سے بچوں کیلئے ٹیکہ کاری کا عمل پورے ملک میں شروع ہوگا۔
۔3دن بعد اموات کا سلسلہ تھم گیا | ۔20مسافروں سمیت 165متاثر
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں 3دنوں بعد کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا سلسلہ دوبارہ تھم گیا ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4530بنی ہوئی ہے۔ اس دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 62ہزار 778ٹیسٹ کئے گئے جن میں 20مسافروں سمیت مزید 165افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 41ہزار 624ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 165افراد میں جموں میں 66جبکہ کشمیر سے 99افراد تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 99افراد میں 2بیرون ریاستوں کا سفر کرکے وادی لوٹے جبکہ دیگر 97افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 99افراد میں سرینگر میں سب سے زیادہ 41، بارہمولہ میں 18، بڈگام میں 13، پلوامہ میں 6، کپوارہ میں 5، اننت ناگ میں 5، بانڈی پورہ میں1، گاندربل میں10 جبکہ کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں ہے۔ اس دوران مسلسل تین دنوں تک اموات کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد اتوار کو وادی میں اموات کا سلسلہ تھم گیا ۔ کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 2331بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں کورونا وائرس سے 66افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 20بیرون ریاستوں کا سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ دیگر 48افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثر ہونے والے 66افراد میں ضلع جموں میں31، ادھمپور میں 3، راجوری میں 1، ڈوڈہ میں 6، کٹھوعہ میں 3، سانبہ میں 3، پونچھ میں 7، رام بن میں 3،ریاسی میں 9 جبکہ کشتواڑ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 26ہزار 374ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں بھی مسلسل دوسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2199بنی ہوئی ہے۔
دسمبر مہینے میں52فوت
۔17لاکھ ٹیسٹ، 357مسافروں سمیت 4438متاثر
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میںدسمبر مہینے میں کورونا وائرس سے 52افراد کی جان گئی جن میں جموں میں 14جبکہ کشمیر میں 38متاثرین فوت ہوگئے ۔اس دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 16لاکھ 87ہزار 745ٹیسٹ کئے گئے جن میں 357مسافروں سمیت 4438افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ ایک ماہ کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 4438افراد میں جموں صوبے میں 1192جبکہ کشمیر میں 3246افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں 30نومبر کو کورونا وائرس سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد 4476تھی جو دسمبر مہینے کے آخر تک بڑھ کر4528تک پہنچ گئی ۔اس طرح ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 52افراد کی جان گئی جن میں 14جبکہ 38 کشمیر صوبے فوت ہوئے ہیں۔ کشمیر میں وائرس سے فوت ہونے والے 38افراد میںسب سے زیادہ سرینگر میں 16افراد کی جان گئی ہے۔ بارہمولہ ضلع میں 3، بڈگام میں 6،پلوامہ میں 1، کپوارہ میں 1، اننت ناگ میں 2، بانڈی پورہ میں 6، گاندربل میں 3 جبکہ کولگام اور شوپیان میں کسی کی جان نہیں گئی ہے۔اس دوران دسمبر مہینے میں وادی میں کورونا وائرس سے 29مسافروں سمیت 3246افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں وائرس سے متاثر ہونے والے 3246افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں1491، بارہمولہ میں 556، بڈگام میں 302، پلوامہ میں 126، کپوارہ میں 224، اننت ناگ میں 60، بانڈی پورہ میں 174، گاندربل میں 267، جبکہ شوپیان میں صرف 4افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں دسمبر مہینے میں کورونا وائرس سے 14افراد کی جان گئی ہے جبکہ یہاں 1192افراد کو وائرس نے اپنی لپیٹ میں لیا تھا ۔ جموں صوبے میں جان گنوانے والے 14افراد میں ضلع جموں میں 6، ادھمپور میں 2، راجوری میں 1، ڈوڈہ میں4جبکہ کٹھوعہ میں 1ایک شخص فوت ہوگیا ہے۔ جموں صوبے کے 5اضلاع میں دسمبر مہینے میں کسی کی جان نہیں گئی ہے جن میں سانبہ، کشتواڑ، پونچھ، رام بن اور ریاسی شامل ہیں۔ جموں صوبے میں دسمبر کے 31دنوں کے دوران کورونا وائرس سے328مسافروں سمیت 1192افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں ضلع جموں میں561، ادھمپور میں 40، راجوری میں 55، ڈوڈہ میں 124، کٹھوعہ میں 36، سانبہ میں 15، کشتواڑ میں 22، پونچھ میں 81، رام بن میں 17 جبکہ ریاسی میں 241افراد متاثر ہوئے ہیں۔