جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سول سیکریٹریٹ میں جموں وکشمیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فائنانس کارپوریشن (JKIDFC) کے کام کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جے کے آئی ڈی ایف سی کےe-Book IV کو لانچ کیا ، جس میں جے کے آئی ڈی ایف سی کے ذریعے مالی تعاون سے 800 منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔اجلاس کے دوران ، لیفٹیننٹ گورنر نے جے کے آئی ڈی ایف سی کے تحت فنڈز کے لئے منظور شدہ منصوبوں کی صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے عمل درآمد میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور منصوبوں کی ادائیگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔موجودہ مالی سال میں حاصل ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے افسران کو ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور کہا کہ وہ مارچ تک 1000 منصوبوں کی تکمیل کے موجودہ سال کے ہدف کو حاصل کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے تمام انتظامی سیکرٹریوں کو اگلے مالی سال کے لئے بھی ایڈوانس ایکشن پلان تیار کرنے کو کہا۔افسران کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اپنے متعلقہ محکموں کے کام کی باقاعدگی سے نگرانی کریں ، نیز جاری کردہ فنڈ اور ان کے استعمال میں وقتی تعطل سے بچنے کے لئے قریبی ہم آہنگی کا خیال رکھیں۔ انتظامی اہم سیکریٹریوں کے لئے ایڈوانس ڈراول کی حد میں اضافہ کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ عوامی اہمیت کے مختلف منصوبوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے شہریوں کو اپنے علاقوں میں جاری کاموں اور منصوبوں کا جائزہ لینے اور ترقی کے عمل میں شراکت دار بناتے ہوئے کاموں کے عمل میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مطلوبہ اقدامات کرنے پر زور دیا۔لیفٹینٹ گورنر کو بتایا گیا کہ جے کے آئی ڈی ایف سی نے ستمبر 2018 میں اپنے قیام کے بعد سے 7675.49 کروڑ روپئے میں 83 سی آر ایف پروجیکٹس سمیت 2367 منصوبے شروع کیے ہیں۔ جے کے آئی ڈی ایف سی نے شروع کئے گئے تمام منصوبوں کی جیو ٹیگنگ کے نفاذ میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔میٹنگ میں چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم، ارون کمار مہتا فنانشل کمشنر محکمہ خزانہ، دھیرج گپتا پرنسپل سکریٹری محکمہ ہائوسنگ و اربن ڈیولپمنٹ ، روہت کنسل پرنسپل سکریٹری محکمہ پاور ڈیولپمنٹ اور محکمہ اطلاعات، شیلندر کمار پرنسپل سکریٹری محکمہ تعمیرات، منوج کمار دویدی کمشنر / سکریٹری، ہردیش کمار کمشنر / سکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ،سریتا چوہان کمشنر / سکریٹری محکمہ جنگلات ، ماحولیات ، ایم راجو کمشنر / سکریٹری محکمہ جل شکتی ، شیتل نندا سکریٹری محکمہ دیہی ترقی اور پنچایت راج، سرمد حفیظ سکریٹری ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، محمد یعقوب ایتو ڈائریکٹر جنرل بجٹ ، محکمہ خزانہ ، اورفائنانس اور جے کے آئی ڈی ایف سی کے دیگر اعلی افسران موجود تھے۔