بارہمولہ//سیاحتی مقام گلمرگ میں آج 26فروری کو6روزہ قومی سرمائی کھیل ’کھیلو انڈیا‘کاآغاز ہونے جارہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج صبح 11 بجکر 50 منٹ پر’کھیلو ہندوستان‘ نیشنل سرمائی کھیلوں میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاحی خطاب کریں گے۔جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پہلے ہی گلمرگ پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے گلمرگ آئے مرکزی وزیر مملکت برائے امور نوجوان و کھیل کرن رجیجو کیساتھ جمعرات کی شام کھلاڑیوں کا مشعل بردار کرتب دیکھے نیز رنگا تقریب پر بھی موجود رہے۔گلمرگ میں جمعرات کی شب جشن کا سماں رہا۔ان کھیلوں کا انعقاد 26 فروری سے 2 مارچ ، 2021 ء تک ہوگا۔’کھیلو انڈیا‘ پروگرام کا اہتمام مرکزی وزارت نوجوانوں کے امور اور کھیل نے جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل اور جموں و کشمیر کی سرمائی کھیلوں کی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا ہے۔ 27 ریاستوں ومرکزی علاقوں اور بورڈ نے اپنی ٹیمیں ان کھیلوں میں حصہ لینے کے لئے بھیج دی ہیں۔یہ سرمائی کھیلوں کا دوسرا مرحلہ ہے جو گلمرگ میں منعقد ہوگا۔پہلا مرحلہ دسمبر 2020میں ہوا تھا۔ان کھیلوں میں1200کھلاڑی اور مہمان حصہ لیںگے۔سرمائی کھیلوں کے اس دوسرے مرحلے میںسنو شو ریس،آئس سکیٹنگ، آئس ہاکی، سکنگ، نارڈک سکائی، سنو بارڈنگ، سکائی مونٹیرنگ، آئس سٹاک وغیرہ جیسے کھیلوں کا انعقاد ہوگا۔