دیہی علاقوں میں کام کرنے والے نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی مستقل تربیت پر زور
جموں//سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع مریضوں کو بہم رکھی جا رہی طبی سہولیات کا جائیزہ لینے کیلئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جی ایم سی کٹھوعہ ، ضلع ہسپتال اور سانبہ میں کووڈ کئیر سنٹر کا دورہ کیا ۔ اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ اضلاع میں کووڈ کنٹین منٹ اقدامات کا جامع جائیزہ لیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے صحت کے افسران سے کہا کہ وہ مریضوں کیلئے صحت کی بہترین سہولیات کو یقینی بنائیں اور سینئر ڈاکٹروں کو کووڈ 19 وارڈوں میں چکر بڑھانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موثر کووڈ کلینکل منیجمنٹ اور ہسپتالوں کیلئے ریفرل پالیسی کی سخت تعمیل کو یقینی بنائیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ہسپتالوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائیزہ لیا اور انہیں مستقبل کے چیلنجوں کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں کام کرنے والے نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی مستقل تربیت پر زور دیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے افسران سے کہا ’’ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر ردِ عمل کے ذریعے کورونا وائیرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے اور قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے بہترین کوششیں کرنے کے علاوہ ضروری طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں ‘‘ ۔ وینٹی لیٹروں کی دستیابی ، آکسیجن والے بستر ، انسانی وسائل ، آکسیجن جنریشن پلانٹس کی فعالیت کے علاوہ متعلقہ اضلاع میں جانچ اور ویکسی نیشن ڈرائیو کے بارے میں استفسار کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے ہسپتال کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ کووڈ بیڈز میں اضافہ کریں ، نیز آکسیجن کی دستیابی کو بڑھاوا دیں ۔ دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ہسپتال میں طبی سہولیات کو بڑھانے کیلئے نئے میڈیکل انفراسٹریکچر کی ترقی کیلئے کی جا رہی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ اس کے علاوہ پنچائتی سطح پر کووڈ کئیر سہولیات کے قیام کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال سانبہ میں زیر تعمیر نیو او پی ڈی بلاک کا بھی معائینہ کیا اور بروقت تکمیل کیلئے ہدایت دی ۔ ڈپٹی کمشنر سانبہ انورادھا گپتا نے لفٹینٹ گورنر کو بتایا کہ ضلع کی 101 پنچائتوں میں 5 بستروں کی گنجائش والے کووڈ کئیر سنٹرز قائم کئے ہیں اس کے علاوہ ایچ سی ڈبلیو میں 100 فیصد کامیابی اور 45 سال سے اوپر کی عمر کے 98 فیصد لوگوں کو ٹیکہ لگانے کے ہدف کو حاصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی سی آفس میں ای پاسز کی سہولت کے ساتھ ساتھ 24X7 ٹیلی میڈیسن خدمات اور کووڈ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال سانبہ میں کووڈ بستروں کو آپس میں منسلک آکسیجن پائپ لائینوں کے بارے میں مطلو کرنے پر لفٹینٹ گورنر نے ہدایت دی کہ وہ ہسپتال میں تمام 100 بستروں کو آکسیجن پائیپوں کے ساتھ فراہم کرے اور اس کیلئے ٹائم لائینز طے کرے ۔ کٹھوعہ میں پرنسپل جی ایم سی کٹھوعہ انجلی نادر بھٹ نے جی ایم سی کٹھوعہ میں کووڈ کئیر انفراسٹریکچر اور صحت کی سہولیات کی دستیابی کے بارے میں لفٹینٹ گورنر کو جانکاری دی ۔ ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راہول یادو نے لفٹینٹ گورنر کو ضلع میں کورونا وائیرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ کے ذریعہ کووڈ کنٹرول اقدامات سے بھی آگاہ کیا ۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر نے سانبہ کے بھارگوا کالج میں کووڈ کئیر سنٹر کا دورہ کر کے ضلع میں صحت سے سے متعلق اضافی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ محکمہ بجلی اور اطلاعات کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، کمشنر سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ہردیش کمار ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، انتظامی سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم محترمہ سشما چوہان ، ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگو لانگر ، ڈائریکٹر صحت خدمات جموں ڈاکٹر رینو شرما اور دیگر متعلقہ افسران دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ تھے ۔