جموں//ڈائریکٹر سینک ویلفئیر بورڈ برگیڈئیر ( ریٹائیرڈ ) ہر چرن سنگھ نے راج بھون میں لفٹینٹ گورنر جی سی مرمو کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں تمام سابق فوجیوں و دیگر عملے کی بہبودی سے متعلق مختلف سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں جانکاری دی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے میں سینک بورڈ کی طرف سے سول انتظامیہ کو فراہم کئے جا رہے تعاون و امداد کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزارت دفاع کی طرف سے موصول شدہ ہدایات کے مدِ نظر سابق فوجیوں کی طرف سے جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری میں کورونا وائیرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں کی جا رہی کوششوں کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ رضا کاروں کی ایک فہرست اور اُن کے فون نمبرات بھی ضلع انتظامیہ کو پیش کئے گئے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کووڈ 19 کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات دور کرنے میں سابق فوجیوں کی طرف سے فراہم کی جا رہی سہولیات کو سراہا ۔