مظفر آباد// حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل چیئر مین سید صلاح الدین نے جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں مسلح جدوجہد میں القاعدہ، طالبان یا داعش ملوث ہے نہ اس کی کوئی گنجائش یا ضرورت ہے،لیفٹننٹ عمر فیاض پرے کے قتل میں بھارتی ایجنسیاں ملوث ہیں۔ صلاح الدین نے اس بات کو واضح کر دیا کہ ہماری تحریک بھارتی فوجی قبضے سے مکمل آزادی اور سربلندیٔ اسلام کیلئے خالصتاً ریاستی عوام نے برپا کی ہے۔ اس کا کوئی عالمی ایجنڈا ہے نہ ہی کوئی بیرونی قوت اس میں سرگرم عمل ہے۔ رواں مسلح جدوجہد میں کوئی القاعدہ، طالبان یا داعش ملوث ہے نہ اس کی کوئی گنجائش یا ضرورت ہے۔بھارتی ایجنسیاں تحریک آزادیٔ کشمیر کا توڑ کرنے کے لئے داعش جیسی دہشت گرد تنظیم لانچ کرنے کا منصوبہ بنا چکی ہیں۔ صلاح الدین نے کہا کہ یہ حقیقت ثابت ہوچکی ہے کہ داعش یا ISIS کو مغربی استعماری قوتوں نے عالم اسلام کو غیر مستحکم کرنے اور برسرپیکار جہادی تنظیموں کا توڑ کرنے کیلئے وجود میں لایا ہے۔ اس تنظیم نے شام، عراق، یمن، ترکی اور افغانستان میں نہتے مسلمانوں کا بہت خون بہایا ہے۔ لہٰذا وطن عزیز کا کوئی بھی نوجوان اسلام اور جہاد کے نام پر اس ملت دشمن تنظیم کے ہتھے نہ چڑھ جائے۔ انہوں نے بٹہ پورہ بہی باغ شوپیاں کے لیفٹننٹ عمر فیاض پرے کے قتل میں بھارتی ایجنسیوں کو ملوث قرار دیا اور کہا کہ اس طرح ایک تیر سے دوشکار کرنے کی کو شش کی گئی ۔ایک کشمیری حریت پسند گھر کے آفیسر کو قتل کیا گیا اور دوسرا اس کا الزام عسکریت پسندوں پر ڈال کر اپنا اصلی روپ چھپانے کی کوشش کی گئی ۔سید صلاح الدین نے زور دے کر کہا کہ اس قتل میںعسکریت پسند ملوث نہیں ہیں اور یہ باقاعدہ بھارتی ایجنسیوں کی ایماء پر قتل ہوا ہے ،جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔صلاح الدین نے کہا کہ جہادی قیادت نے فیلڈ میں موجود عسکریت پسندوں اور کمانڈران کو بھی ہدایت جاری کردی ہے کہ وہ تحریکی مسائل اور معاملات کے بارے میں اپنی اعلیٰ قیادت سے رجوع کیاکریں اور خود پالیسی بیانات دینے سے احتراز کریں۔میڈیا سے وابستہ صحافی برادری سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنی صفوں میں قلیل تعداد میں ہی سہی ا یسے قلم فروشوںکو ڈھونڈ نکا لیں جو حقیر مفادات اور چند ٹکوں کے عوض تحریک آزادی کو کمزور کرنے اور اسے بے وقعت کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔