جموں//کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت نے ماتحت افسروں پر زور دیا کہ وہ مختلف لیبر قوانین کی موثر عمل آوری یقینی بنائیں اور اس عمل میں خصوصی توجہ بچہ مزدوری کی طرف دیں ۔ کمشنر موصوف نے محکمہ محنت جموں کی طرف سے منعقدہ ایک روزہ بیداری ورکشاپ کا افتتاح کرنے کے دوران کیا ۔ سوربھ بھگت نے افسران سے کہا کہ وہ جموں کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی اسی طرح کی مہم منعقد کریں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کیمپوں کی بدولت لوگوں کو مزدوروں کے حقوق کے بارے میں جانکاری حاصل ہو گی ۔ سوربھ بھگت نے مزدوروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے لیبر قوانین کی عمل آوری کیلئے محکمہ کے افسروں کی کوششوں کی سراہنا کی ۔ کمشنر موصوف نے ای نوٹسز پر کام کرنے اور اس سلسلے میں ڈی پی آر تیار کرنے کی بھی ہدایات دیں تا کہ اس عمل کو باقاعدہ منظوری حاصل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو بھیجا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے معقول رقومات دستیاب ہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سلسلے میں کاموں کی نشاندہی کی جائے جن کی بدولت محکمہ لیبر کے فرایض کی انجام دہی میں بہتری لائی جا سکے ۔ کمشنر موصوف نے متعلقین سے کہا کہ وہ ماسٹر ٹرینر کو نامزد کریں اور یونین ٹیر ٹری کے باہر کیپسٹی بلڈنگ پروگراموں میں حصہ لینے کیلئے اُنہیں بھیجیں تا کہ انہیں لیبر قوانین کی عمل آوری میں مزید جانکاری حاصل ہو ۔ لیبر کمشنر عبدالرشید وار ، ڈپٹی لیبر کمشنر جموں کانتا دیوی نے بھی ورکشاپ سے خطاب کیا ۔ اُن کے علاوہ محکمہ لیبر کے دیگر افسران اور ٹریڈ یونین کے نمائندوں نے بھی لیبر قوانین کی عمل آوری پر روشنی ڈالی ۔ فاؤنڈر ایمیرائیٹس نیشنل ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن راجیو کمار کھجوریہ نے بھی ورکشاپ میں حصہ لیا اور بچوں کے حقوق اور اُن کے تحفظ پر روشنی ڈالی ۔