جموں//جموں کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کے بیچ لکھن پور میں قائم کیا گیا کنٹرول روم دن رات کام کر رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ جموں کشمیر میں ضروری اشیاء کی کوئی کمی نہ ہو ۔ یہ کنٹرول روم لکھن پور میں 29 مارچ کو قائم کیا گیا تھا اور کنٹرول روم کی وساطت سے ضروری اشیاء لانے والی گاڑیوں کے علاوہ مریضوں کو لانے یا لے جانے والی ایمبو لینس گاڑیوں کی نقل و حمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ بیرون ریاست سے جموں کشمیر آنے والی مختلف گاڑیاں پھل ، سبزیاں ، رسوئی گیس ، پیٹرولیم مصنوعات ، جانوروں کا چارہ ، راشن ، انڈے ، دودھ ، جراثیم کش ادویات اور دوائیاں لے کر جموں کشمیر میں لکھن پور کے راستے سے ہی داخل ہو رہی ہیں ۔ لوگ گاڑیوں کی نقل و حمل کے حوالے سے کنٹرول روم سے فون نمبرات 01922285329,01922285330 یا ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔ لکھن پور میں قائم کنٹرول روم میں جن اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اُن میں ارون منہاس اور اروند کاروانی بھی شامل ہیں جن کے فون نمبرات پہلے ہی مشتہر کئے جا چکے ہیں ۔ افسروں کے مطابق ضروری اشیاء لانے اور لے جانے والی گاڑیوں کی بلا خلل نقل و حمل یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ افسروں نے مزید کہا کہ 25 مارچ سے اب تک ضروری اشیاء لانے والی 11 ہزار گاڑیاں جموں کشمیر میں داخل ہوئی ہیں جبکہ باہر سے آنے والے مریضوں کو لیکر 225 ایمبو لینس گاڑیاں جموں کشمیر میں داخل ہوئی ہیں ۔