اسلام آباد //پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم دنیا میں جاری اختلافات ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔بدھ کو دورہ سعودی عرب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی لیبیا، صومالیہ، شام اور افغانستان میں تنازعات جاری ہیں اور یہ بہت ضروری ہے کہ مسلم دنیا میں مزید کوئی تصادم نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مفاہمت کے ذریعے لڑائیوں کی اس آگ کو بجھانا چاہتا ہے کیوں کہ ان کے بقول، “مسلم دنیا میں جھگڑے ہم سب کو کمزور کر رہے ہیں اور خود پاکستان نے بہت مشکلات جھیلی ہیں۔”عمران خان نے سعودی عرب کو پاکستان کا دیرینہ اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان عوامی سطح پر دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں اور پاکستان میں جو بھی اقتدار میں آئے گا وہ پہلے سعودی عرب جائے گا۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ضرورت کے وقت پاکستان کی مدد کی ہے جب کہ مکہ اور مدینہ کی موجودگی کی وجہ سے بھی پاکستانیوں کی سعودی سرزمین کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے باہمی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں اپنے دو طرفہ تعلقات کو اور آگے بڑھانے کو لے کر مصروف عمل ہیں۔پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور یو اے ای کے ولی عہد پرنس شیخ محمد بن زید النہیان کے درمیان ابو ظہبی میں بدھ کو ہونے والی میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا۔پاکستان ریڈیو نے جمعرات کو ایک رپورٹ میں بتایا کہ دونوں ممالک نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل پر یکساں موقف ہونے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔پاکستان کے وزیر اعظم اور یو اے ای کے ولی عہد نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بات چیت کی۔
لڑائیاں مسلم دنیا کو کمزور کر رہی ہیں: عمران خان
