مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی دور افتادہ پنچایت نکہ منجہاڑی لوہر کے کئی محلہ جات اس جدید وقت میں بھی رابطہ سڑک سے محروم ہیں جس کی وجہ سے لوگ مشکل وقت میں بھی کئی کلو میٹرکی پیدل مسافت طے کر کے سڑک تک پہنچتے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ پنچایت کے محلہ پیروجالاں ،محلہ گوجراں اور محلہ منہاساں کنڈ کو لاکھ کوششوں کے باوجود بھی رابطہ سڑک کیساتھ نہیں جوڑا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے دیگر بنیادی سہولیات میسر کرنے میں بھی مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایسے دیہات کی فہرستیں و پلان طلب کئے گئے تھے جن میں رابطہ سڑکیں موجود نہیں ہیں تاہم متعلقہ پٹواری نے رابطہ سڑک کے سلسلہ میں جنگلاتی اراضی کو استعمال کرنے کا سروئے کیا ہے جس سے عام لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نائب تحصیلدار ہرنی کو موقعہ پر بھیج کر دوبارہ سے سروئے کروایا جائے تاکہ عام لوگوں کو رابطہ سڑک کا فائدہ پہنچ سکے