سرنکوٹ// سرنکوٹ کے سنئی گائوں میں سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کئی عرصہ سے لوہر سنئی سے اپر سنئی سڑک کا ایک حصہ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔مذکورہ سڑک کے ایک کلو میٹر علاقہ میں کھڈے پڑے ہوئے ہیں جن میں ہمیشہ پانی جمع رہتا ہے ۔نائب سرپنچ مڈل سنئی جاوید حسین شاہ ،روایت حسین شاہ ،تصور شاہ ،نور احمد ودیگران نے بتایا کہ مذکورہ سڑک پر نالیاں نہ ہو نے کی وجہ سے نکاسی آب ممکن ہی نہیں جس کی وجہ سے علاقہ کا اکثر پانی سڑک سے ہی گزرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی خستہ حالی کے سلسلہ میں متعدد بار انتظامیہ سے اپیل کی جاچکی ہے تاہم اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کر تے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک کی مرمت کی جاسکے ۔