سرینگر//جموں وکشمیر کے لوگ اپنے نمائندگان سے سچی سیاست کی توقع رکھتے ہیں، ہماری کوششیں اسی سمت ہیں اور ہم یقینی طور سخت محنت، تندہی اور صدق دلی سے اُن کی توقعات پر کھرا اُتریں گے۔ان باتوں کااظہار اپنی پارٹی کے صدر الطاف احمدبخاری نے اننت ناگ میں میونسپل کونسل کے چیئرمین اور سابق جنرل سیکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی ہلال احمد شاہ سمیت میونسپل کمیٹی کے21کونسلروں،آٹھ سرپنچوں، 40 پنچوں ،تین بلاک صدور،18حلقہ صدوراوراننت ناگ ضلع کے متعددسیاسی کارکنوں کے اپنی پارٹی میں شامل ہونے کے موقعہ پرمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ہلال احمد شاہ اور اُن کے ساتھیوں بشمول 21کونسلر اور مختلف پنچایتوں کے نمائندگان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہاکہ اُن کی جماعت جموں وکشمیر کی یکساں ترقی اور عوامی بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات اُٹھانے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا،’’مجھے یقین ہے کہ پارٹی میں ایسے تجربہ کار سیاسی لیڈر ان کی شمولیت اور اُن کی مخلصانہ کوششوں کے ذریعہ بہتر جموں و کشمیر کی تعمیر کے لئے پارٹی کے نظریہ کو مزید تقویت ملے گی۔‘‘ بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی لوگوں کو کسی بھی طرح کی سیاسی چال کے ذریعے بیوقوف بنانے پر یقین نہیں رکھتی ، بجائے اِس کے پارٹی نے ہمیشہ لوگوں کے ساتھ کئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کام کرنے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’جموں وکشمیر کے لوگ اپنے نمائندگان سے سچی سیاست کی توقع رکھتے ہیں، ہماری کوششیں اسی سمت ہیں اور ہم یقینی طور سخت محنت، تندہی اور صدق دلی سے اُن کی توقعات پر کھرا اُتریں گے‘‘۔ اس موقع پر اپنی پارٹی کا حصہ بننے والے ساتھیوں نے جموں وکشمیر کے اندر اِس طرح کا سیاسی پلیٹ فارم فراہم کرنے پر پارٹی لیڈرشپ کا شکریہ ادا کیا۔ اِس تقریب میں پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راھتر اور ضلع صدر بارہمولہ شعیب لون بھی موجود تھے۔