لوگوں کی بدگمانیوں اور بداعتمادیوں کو دورکیا جائے:حکیم یاسین

سرینگر//لوگوں کے آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گااورلوگوں کے چھینے گئے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے میسر تمام قانونی وسیاسی وسائل کو بروے کار لایا جائے گا۔ان باتوں کااظہار پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے مرکزی حکومت سے تلقین کی کہ وہ حقیرسیاسی مقاصد کیلئے کسی بھی ایسے اقدام سے احتراز کرے ،جس سے جموں کشمیر کے لوگوں کوقومی دھارے میں لانے اور ان کے دلوں میں بدگمانیوں اور دوریوں کو کم کرنے میں رکاوٹیں پیداہوں گی۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور جموں کشمیر کے لوگ امن پسند ہیںاورعزت واحترام سے امن کی زندگی گزارناچاہتے ہیںلیکن5اگست2019کو جس طریقے سے جموں کشمیرکو تقسیم کرکے اس کی خصوصی حیثیت کو ختم کیاگیا۔اس سے یہاں کے لوگوں کو زبردست صدمہ پہنچاہے اور ان کے ذہنوں میں نئے سرے سے بدگمانیاں اوربداعتمادیاں پیداہوئی ہیں۔حکیم یاسین نے کہا کہ لوگوں کے دلوں کو جیتنے کیلئے ان سے کئے گئے وعدوں اوریقین دہانیوں کو پوراکیاجاناچاہیے۔