لولاب کے کئی دیہات میں راشن کی قلت | صارفین کا احتجاج ،گھاٹ منشی معطل

کپوارہ//لولاب کے متعدد علاقوں میں راشن کی قلت کی وجہ سے لوگو ں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس معاملہ کو لیکر انہوں نے زور دار احتجاج کیا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر امور صارفین و تقسیم کاری نے معاملہ کو سنجیدہ لیتے ہوئے گھاٹ منشی کو معطل کیا ۔وادی لولاب کے  سیور ،گڈ واڈ ،دودھبن اور اسکے ملحقہ علاقوں کے لوگو ں نے راشن کی قلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کو گزشتہ 3مہینوں سے راشن کی تقسیم کاری سے محروم رکھا ہے ۔سیور کے لوگوںکا کہنا ہے کہ مذکورہ گھاٹ منشی طارق احمد بانڈے نے لوگو ں سے بائیو میٹرک بھی لیا ہے اور راشن حاصل کرنے کے لئے سلپس بھی دی ہیں لیکن ا س کے باجود بھی لوگو ں کو گزشتہ3مہینو ں سے راشن فراہم نہیں کیا گیاجس کی وجہ سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ مقامی لوگوں نے منگل کو اپنے گھرو ں سے باہر آئے اور متعلقہ گھاٹ منشی کے خلاف احتجاج کیا ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کپوارہ مدثر احمد نے معاملہ کا سخت نو ٹس لیتے ہوئے مذکورہ گھاٹ منشی کو معطل کیا جبکہ مقامی تحصیل سپلائی افسر کے خلاف نو ٹس جاری کیا اور انہیں معاملہ کے حوالہ سے جواب دینے کو کہا گیا ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ گھاٹ منشی نے اپنی ڈیو ٹی میں کوتاہی برتی جس کی وجہ سے انہیں تا حکم ثانی معطل کیا گیا ۔