کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کی لولاب وادی میں برفانی تودے کی زد میں آکر زندہ دفن ہونے والے2 شکاریو ں کی لاشوں کو پولیس ،مقامی لوگو ں اور فوج نے بر آمد کیا جبکہ اس واقعہ میں ایک شہری معجزاتی طور بچ نکلا ۔ بدھ کو لولاب وادی کے رنگ ورنو کے تین شہری 27سالہ بشیر احمد حجام ،اس کا بھائی عبد الرشید حجام پسران محمد یونس حجام اور مام الدین حجام ولد نجب الدین حجام ساکن رنگ ورنویہا ں سے25 کلو میٹر دور زبلی جنگلات میں شکار پر گئے ۔جو نہی وہ بھاری برف باری کے بیچ زبلی جنگلات کے اوپری حصہ، جو دوسری طرف بانڈی پورہ سے ملتا ہے ،کے قریب پہنچ گئے۔موسم ساز گار اور کھلی دھوپ کے پیش نظر ان علاقوں میں پہلے ہی برفانی تودے گر نے کی وارننگ بھی دی گئی تھی۔ یہ تینو ں ایک بھاری بھر کم برفانی تودے کی زد میں آکر زندہ دفن ہوگئے ۔واقعہ کے چشم دید گواہ عبد الرشید حجام کا کہنا ہے کہ وہ بھی برفانی تودے کی زد میں آگیا تاہم سخت کوشش کے بعد کسی طرح اس نے اپنی جان بچائی اور زندہ نکلنے میں کامیاب ہوگیا، تاہم اس کا بھائی اور گائو ں کا دوسرا نوجوان برف کے نیچے دفن ہوگئے۔عبد الرشید نے بتایا کہ انہو ں نے افرا تفری کے عالم میں دونو ں کی تلاش شروع کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے اور وہ زخمی حالت میں گھر کی طرف واپس نکل پڑا ۔اس دوران جب یہ تینو ں شہری شام دیرگئے تک واپس نہیںلوٹے تو رنگ ورنو کے لوگ ان کی تلاش میں جنگل کی طرف نکلے، تاہم وہا ں سے عبد الرشید واپس آرہا تھا جس نے انہیںواقعہ سے متعلق آگاہ کیا ۔مقامی لوگو ں نے فوری طور پولیس کو معاملہ کی نسبت جانکاری دی لیکن رات کے دوران بچائو کارروائی میں دقتیں پیش آئیں اورجمعرات کی صبح پولیس نے بچائو ٹیم تشکیل دی اور مقامی لوگو ں اور فوج کے ساتھ جائے واردات کی طرف روانہ ہوئے ۔واقعہ سے متعلق سب ڈویژنل مجسٹریٹ لولاب حسین احمد جو بچائو کاروائی کے نگرانی کررہے تھے، نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ بھاری برف باری کے سبب انہیں زبردست مشکلات پیش آئیں، تاہم پولیس ،فوج اور مقامی لوگو ں نے یخ بستہ ہوائو ں اور سردی کے باجود مشترکہ طور زندہ دفن ہونے والے شہریو ں بشیر احمد حجام اور مام الدین کی لاشو ں کوبعد دوپہر بر آمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔ایس ڈی ایم نے مزید کہا کہ لاشو ں کو قانونی لوازمات کے بعد لواحقین کے حوالہ کیا گیا۔لاشو ں کو جب ان کے آ بائی گائو ں رنگ ورنو پہنچایا گیا تو وہا ں کہرام مچ گیا جبکہ سوگوار ما حول کے بیچ انہیں پر نم آ نکھو ں سے سپرد خاک کیا گیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال24 فروری کو بھی اسی علاقے میں اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جب گوچھی بل بہک لولاب میں تین شکاری بشیر احمد،غلام محمد اور محمد الطاف برفانی تودے کی زد میں آکر ہلاک ہوئے تھے۔انکی لاشوں کو 6روز بعد برف سے نکالا گیا تھا۔