سرینگر//پولیس اور عوام کے بیچ تعلقات کو مستحکم کرنے اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ پولیس پوسٹ لنگیٹ میں ایک عوامی دربار کا انعقاد ہواجس میں بی ڈی سی ممبران ، تاجر ایسوسی ایشن ، پنچایتی اراکین،نمبرداروں اور مزدوروں نے شرکت کی ۔میٹنگ کی صدارت سپرانٹنڈنٹ پولیس ہنڈوارہ ڈاکٹرجی وی سنددیپ چکرورتی کے علاوہ ایس ڈی پی او ہندوارہ فریز حسین، ایس ایچ او تھانہ ہندوارہ پرویز احمد بھی موجود تھے۔شرکاء نے عوامی اہمیت اور سول انتظامیہ سے متعلق کچھ امور پر روشنی ڈالی۔ مسائل کے علاوہ ، شرکاء نے لنگیٹ میں پولیس پبلک اسکول اور ایک جم قائم کرنے کا مطالبہ کیا ۔لوگوں نے مقامی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کیلئے لنگیٹ میں اسپورٹس ایونٹ کے انعقاد کی بھی درخواست کی۔میٹنگ کے دوران ایس پی ہندوارہ نے شرکاء کے تمام مسائل غور سے سننے کے بعد ماتحت افسران کو موقع پر ہی ان کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوںنے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے دیگر مسائل کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا تاکہ اُن کا ازالہ کیاجاسکے۔