لفٹ سکیم 20برسوں بعد بھی عوام کیلئے سود مند ثابت نہیں ہوئی | بالاکوٹ پنچایت کی عوام کو پانی کی قلت کا سامنا ،انتظامیہ خاموش

مینڈھر //مینڈھر کی سرحدی پنچایت بالاکوٹ میں لفٹ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 20برسوں سے نہ تو مکمل ہوئی ہے اور نہ ہی عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی کیا گیا ہے ۔تحصیل بالا کوٹ کی مرکزی و سرحدی پنچایت بالا کوٹ میں لفٹ واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح 2002میں اُس وقت کے ریاستی وزیر شام لعل شرما کی جانب سے کیا گیا تھا جس کے بعد سکیم کا تعمیر عمل کچھ حد تک مکمل ہوا تھا لیکن اس میں سپلائی عمل شروع ہی نہیں کیا جاسکا ۔مکینوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کی بچھائی گئی پاپئیں بغیر استعمال کئے بوسیدہ ہو گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ علاقوں میں پاپئیں بچھائی ہی نہیں گئی تھی لیکن سکیم کا کچھ حصہ مکمل ہونے کے باوجود بھی اس میں پانی کی سپلائی کا عمل شروع نہیں کیا گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران بھی لوگ قدرتی چشموں سے پینے کیساتھ صاف پانی لاتے رہے ہیں لیکن کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے بعد بھی اس واٹر سپلائی سکیم کو مکمل نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سرحدی پنچایت کی کئی وارڈیں پانی کی شدید قلت سے متاثر ہو رہی ہے جبکہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین و آفیسران اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کو جلدازجلد مکمل کیا جائے جبکہ تعمیر شدہ ڈھانچے کی مرمت کر کے عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔