نئی دہلی //پنجاب کے لدھیانہ میں کورٹ کمپلیکس میں دھماکہ ہوگیا۔ اس دھماکے میں2لوگوں کی موت ہوئی جبکہ4زخمی ہوئے ۔ دھماکہ دوسری منزل پر ہوا۔ اس حادثے میں گراؤنڈ فلور پر موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ جس جگہ پر دھماکہ ہوا وہاں کی کھڑکی بھی اکھڑ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ جہاں دھماکہ ہوا وہیں ججوں کا کمرہ بھی ہے۔ یہ بم عمارت کے باتھ روم میں نصب کیا گیا تھا۔ خوش قسمتی سے عدالت میں ہجوم کم تھا کیونکہ عدالت میں وکلاء کی ہڑتال تھی ورنہ کئی لوگ جان سے ہاتھ دھو سکتے تھے۔بتایا جا رہا ہے کہ اس کے لیے بہت بھاری دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ دھماکہ ہوتے ہی عدالت کے احاطے میں بھگدڑ مچ گئی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق کسی شخص نے آکر یہ دھماکہ کیا ہے۔یہ دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مرکزی انٹیلی جنس ایجنسیاں انتخابات کے دوران ملک دشمن عناصر کی جانب سے پنجاب میں ماحول خراب کرنے کے لیے الرٹ جاری کر رہی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ پنجاب کا ماحول خراب کرنے کی نیت سے بے ادبی کی کوشش کی گئی ہے۔ جس کی پولیس ابھی تفتیش بھی نہیں کر سکی ہے۔