لداخ میں مشرقی سرحد کی صورتحال

نئی دہلی // فوج کے سربراہ ایم ایم نروانے، آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے لداخ کے دو روزہ دورے پر ہیں کیونکہ خطے میں چین کے ساتھ فوجی تنازع گزشتہ سال مئی میں شروع ہونے والی کشیدگی کے حتمی حل کے بغیر جاری ہے۔فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنرل نروانے سیکورٹی کی موجودہ صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیں گے اور لداخ میں سخت موسمی حالات میں تعینات فوجیوں سے بھی بات چیت کریں گے۔دورے سے ایک دن پہلے ، جنرل نے زور دے کر کہا کہ ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان آمنے سامنے جیسے واقعات اس وقت تک رونما ہوں گے جب تک دونوں ملکوں کے درمیان کوئی سرحدی معاہدہ نہیں ہو جاتا۔چین پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے جنرل نروانے نے کہا کہ "ہمارے پاس ایک سرحدی مسئلہ ہے، ہم ماضی میں جس طرح کا مظاہرہ کر چکے ہیں اس سے نمٹنے کے لئے دوبارہ تیار ہیں،اس قسم کے واقعات اس وقت تک ہوتے رہیں گے جب تک کہ ایک طویل المیعاد حل تک نہ پہنچ جائے ، اور یہ کہ ایک سرحدی معاہدہ ہونا چاہیے۔جنرل ایم ایم نروانے نے کہا کہ ابھی تک ، گلوان ، گوگرا اور پینگونگ جھیل میں دونوں افواج کی واپسی ہوچکی ہے۔ پی پی 15 کے آس پاس ہاٹ اسپرنگس کا علاقہ اب بھی کشیدہ ہے۔ہندوستان اور چین کے درمیان کور کمانڈر سطح کے فوجی مذاکرات کے 12 رائونڈ ہو چکے ہیں لیکن دونوں طرف سے بہتر تعیناتی کے لیے فوجیوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔