بیروت//لبنان کے جنوب میں واقع فلسطینی مہاجر کیمپ میں زوردار دھماکا ہوا ہے جس میں 13 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوئے۔ کیمپ میں رہائش پذیر افراد کے مطابق یہ زور دار دھماکا صور شہر کے قریب برج الشمالی کیمپ میں حماس کے زیر انتظام ایک مسجد کے نزدیک ہوا۔ دھماکے کے ساتھ ہی جائے مقام پر خوف ناک آگ بھڑک اٹھی۔دوسری جانب عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ بھڑکنے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں جبکہ عسکری ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی دہشت گردی کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔.کیمپ کے ایک ذمے دار نے گودام میں گولہ بارود ہونے کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گودام میں گیس کی بوتلیں اور آکسیجن سلنڈر موجود تھے۔دھماکے کے بعد جائے مقام سے دھوئیں کے کالے بادل اٹھنا شروع ہو گئے۔ ایمبولینسز کیمپ میں پہنچ گئیں جب کہ لبنانی فوج نے کیمپ کو گھیرے میں لے لیا۔مقامی میڈیا کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا۔فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے واقعے پر سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ متعدد فلسطینی مسلح گروپ لبنان میں 10 کے قریب پناہ گزین کیمپوں پر عملی کنٹرول رکھتے ہیں۔ ان گروپوں میں حماس اور فتح موومنٹ شامل ہے۔ لبنانی حکام کا مذکورہ کیمپوں میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔لبنانی فوج کا دعویٰ ہے کہ دھماکا اْس کیمپ میں ہوا جہاں فلسطینی تنظیم حماس کے ہتھیاروں کے ڈپو ہیں تاہم فلسطینی اہلکارں نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود نہیں۔لبنانی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔