یو این آئی
غزہ// اسرائیلی فورسز کی جانب سے پہلے محفوظ قرار دیئے جانے والے المواسی کیمپ پر ڈرون حملے سمیت غزہ کے مختلف علاقوں میں جاری جارحیت کے نتیجے میں 25 فلسطینی جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ۔قطری نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے المواسی میں پناہ گزین کے لیے عارضی طور پر بنائے گئے ایک کیفے ٹیریا کو نشانہ بنایا۔ہسپتال میں موجود حکام کے مطابق حملے میں 2 بچوں سمیت کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے ، جائے وقوعہ کی ویڈیو میں ملبے میں پڑی کرسیوں اور میزوں کے درمیان زخمیوں کو نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔دوسری طرف شمالی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں بیت ہانون کے پناہ گزین کیمپوں اور شیلٹرز سے فلسطینی نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔النصر ہسپتال کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فورسز کے گاڑیوں پر فضائی حملے سے 11 افرادہلاک ہوگئے ہیں۔العودہ ہسپتال کے مطابق منگل کی صبح وسطی غزہ میں قائم نصیرات پناہ گزین کے کیمپ میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افرادہلاک جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ۔ادھرلبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 32 افراد ہلاک اور کچھ دیگر زخمی ہوگئے ۔
یہ اطلاع لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی (این این اے ) نے دی ہے ۔این این اے کے مطابق ماؤنٹ لبنان میں اسرائیل کے دو الگ الگ فضائی حملوں میں بالچمے قصبے میں آٹھ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو ئے جبکہ ضلع چوف کے گاؤں جاون میں بارہ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ۔خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ جنوبی طفاتہ علاقے میں ایک حملے میں ایک خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوئے ، دیگر حملے میں طائر ضلع کے منصوری گاؤں میں ایک نیم فوجی ہلاک اور ایک شہری دفاع کا رکن زخمی ہوا۔اس کے علاوہ ہرمل میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوئے ، جب کہ طائر کے قریب برج الشمالی میں ایک کی موت ہوئی، طائر شہر اور رومین گاؤں میں مزید دو افراد ہلاک ہوئے ۔دریں اثناء حزب اللہ نے کہا کہ اس نے منگل کے روز اسرائیلی شہر شیخ دانون کے شمال میں اسرائیلی فوج کے 146 ویں ڈویژن کے ایک لاجسٹک اڈے کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔اس نے اسرائیلی فضائیہ کے ہہوتریم بیس پر بھی حملہ کیا، جس میں انجن کا کارخانہ ہے اور یہ اسرائیلی شہر حیفہ کے جنوب میں واقع ہے ۔اس کے علاوہ حزب اللہ نے مزید اسرائیلی اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا، جن میں جنوبی تل ابیب میں تل نوف ایئربیس، ایکر شہر کے شمال میں شراگا بیس اور شمالی اسرائیل میں ایک بستی نیو زیو میں بنکر شامل ہیں۔اسلامی مزاحمتی جنگجوؤں نے دعویٰ کیا کہ اس نے سرحدی علاقے کے مغربی سیکٹر میں ایک اسرائیلی ہرمیس 450 ڈرون کو بھی مار گرایا۔23 ستمبر سے ، اسرائیلی افواج حزب اللہ کے ساتھ خطرناک لڑائی لڑ رہی ہیں اور لبنان پر شدید فضائی حملے کر رہی ہیں۔ اکتوبر کے اوائل میں اسرائیل نے اپنی شمالی سرحد سے لبنان میں زمینی کارروائی شروع کی۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 3,287 تک پہنچ گئی ہے ، جب کہ 08 اکتوبر 2023 کو تنازع کے آغاز سے اب تک 14,222 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔