سرینگر// این آئی اے نے لبریشن فرنٹ کے سرکردہ لیڈرنور محمد کلوال کو سمن کرکے دہلی میں حاضر ہونے کیلئے کہا ہے۔ این آئی اے کی جانب سے نور محمد کلوال کو ایک فون کال موصول ہوئی جس میں انہیںسوموار28اگست کو دہلی میں حاضر ہونے کیلئے کہا گیا ۔ بعد دوپہر مقامی پولیس نے فرنٹ دفتر پر آکر تحریری سمن بھی پہنچادیا ہے۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت اور انکے حامی این آئی اے کوایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے جموں کشمیر میں جاری سیاسی مزاحمت کو کچلنا چاہتے ہیں۔یاسین ملک نے کہا کہ نور محمد کلوال ایک نامی سیاسی و مزاحمتی قائد ہیں جن کی سماجی اور سیاسی زندگی کھلی کتاب کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لمبے عرصے سے این آئی اے سیاسی مزاحمت کاروں اور کشمیری تاجروں کو دہلی طلب کرکے ذہنی،جسمانی اور اعصابی ٹارچر سے گزار رہی ہے اور اس سارے عمل کا مقصد یہی لگتا ہے کہ ان کے کچھ نہ کچھ نچوڑ کر نکالا جائے تاکہ مزاحمتی قیادت بلکہ پوری مزاحمت ہی کوبدنام کیا جا سکے اور نقصان سے دوچار کیا جاسکے۔