الریاض / نئی دہلی// عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے تناظر میں کہا ہے کہ لاک ڈاون ہٹانا وبا کا ختم ہونا نہیں بلکہ یہاں سے اس کے اگلے مرحلہ کا آغاز ہونا ہے جس کے لئے ہمیں تیار رہنا چاہیے۔
کورونا وائرس پر جی -20 ممالک کی ورچوول میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریسس نے کہا”ہم اس بات کے حوالہ سے پرجوش ہیں کہ جی -20 گروپ کے کئی ممالک سماجی پابندیوں میں نرمی دینے پرغورکر رہے ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ یہ عمل مرحلہ وار ہو، لاک ڈاون سے متعلق پابندیوں کو ہٹانا کسی ملک میں وبا کا خاتمہ نہیں، اگلے مرحلہ کا آغاز ہے“۔
ٹیڈروس نے کہا کہ اگلے مرحلہ میں دنیا کے ملکوں کو اپنے شہریوں کو وائرس کی روک تھام کے لئے بیدار کرنا ہوگا۔ انہیں اس میں معاون اور بااختیار بنانا ہوگا۔ وائرس کے پھیلنے سے دوبارہ بڑھنے کی حالت میں انہیں فوری کارروائی کے لئے بھی تیاررہنا ہوگا۔
ڈبلیو ایچ اونے مشورہ دیا ہے کہ پابندیوں میں نرمی سے پہلے حکومتوں کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ان کے پاس ?ووڈ -19 کے ہرمریض کا پتہ لگانے، ان کی جانچ ، ان کے قرنطینہ اور دیکھ بھال اوران کے رابطے میں آئے ہر شخص کی شناخت کے مکمل وسائل موجود ہے۔اگر کیسز بڑھتے ہیں تو اس سے نمٹنے کے لئے ان کے صحت نظام میں کیسز کے مطابق مکمل وسائل ہونے چاہئے۔