سرینگر//وادی میں جاری لاک ڈائون کے دوران ناک بندی،علاقہ بندی اور سڑکوں کی تار بندی ہنوز جاری ہے، البتہ پچھلے 2روز سے شہر سرینگر میں سختی کیساتھ لاک ڈائون کی کیفیت میں نرمی کی جارہی ہے۔پیر کو سڑکوں پر بہت زیادہ عوامی آمد و رفت رہی اور نجی گاڑیوں کی اس قدر بھیڑ تھی کہ کئی جگہوں پر ٹریفک جام بھی ہوئے تاہم منگل کو اس میں تھوڑی بہت کمی دیکھی گئی۔لیکن سیول لائنز علاقوں میں عام ہڑتال جیسی کیفیت تھی جس کے دوران نجی گاڑیوں کی آمد و رفت جاری رہی۔شہر کے کسی بھی علاقے میں کہیں پر بھی پولیس نے ناکوں پر گاڑیوں کو نہیں روکا نہ ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے اجرا کئے گئے پاس چیک کئے گئے۔پولیس نے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کی پاداش میں4دکانداروں کو حراست میں لیکر جنوبی کشمیر میں39گاڑیاں ضبط کیں ۔البتہ وادی کے80ریڈ زونوں میں نقل و حرکت پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے اور کوئی چھوٹ نہیں دی گئی ہے۔ نقل و حرکت کے حوالے سے محدود علاقوں میں ڈرائون کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے،اور سختی کے ساتھ لاک ڈائون کو عملایا جا رہا ہے۔شہر کے مقابلے میں دیگر قصبوں، ضلع صدر مقامات اور دیگر دہی علاقوں میں کوئی نرمی نہیں دی جارہی ہے۔دہی علاقوں اور قصبوں میں کہیں سبزی نہیں بنتی، گوشت نہیں مل رہا ہے۔ پولیس نے دفعہ144کے تحت جاری امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنیکی پاداش میں منگل کو بھی کاروائی جاری رکھی۔لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں مائسمہ پولیس نے 2دکانداروںکو حراست میں لیکر انکے خلاف دو کیس ایف آئی آر نمبر 11اور 12 درج کرلیا ۔اونتی پورہ پولیس نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی پاداش میں10موٹر سائیکلوں سمیت 36گاڑیوںکو ضبط کیا۔نامہ نگار سید اعجاز کے مطابق اونتی پورہ پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے علاقے میں12 گاڑیوں کو ضبط کیاگیا ۔پولیس اسٹیشن پانپور کے علاقے میں سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب 3 گاڑیاں اورایک موٹرسائیکل کو ضبط کر لیا گیا۔ پولیس اسٹیشن کھریو کے علاقے میں 5 گاڑیوں اور 9 موٹر سیائیکلوں کو ضبط کر لیا گیا اور پولیس اسٹیشن ترال کے علاقے میں6 گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا۔