راجوری //نوشہرہ سیکٹر کے لام اور پکھرنی علاقوں کے لوگ بدھ کی صبح ہندوپاک کی فضائیہ کے درمیان ہوئی جھڑپ کی وجہ سے شدیدسہمے ہوئے ہیں اور ان کاکہناہے کہ ہندوستانی طیارہ ان کی آنکھوں کے سامنے ایک بال کی طرح نیچے گرا جس کو آگ لگی ہوئی تھی ۔محمد صدیق ولد عبدالغنی ساکن پکھرنی نے بتایا’’میں اپنے گھر کے نزدیک بینکر تعمیر کررہاتھا اورمیرے ساتھ دیگر نو افراد بھی اس موقعہ پر موجود تھے جب یہ واقعہ پیش آیا‘‘۔انہوں نے بتایاکہ جنگی طیارے حد متارکہ سے اندر داخل ہوئے اور بعد میں وہ واپس چلے گئے ۔انہوں نے بتایاکہ چونکہ یہ طیارے زیادہ اونچائی پر نہیں تھے لہٰذا وہ انہیں آسانی سے دیکھ پائے اور دو طیاروں کو ایک طیارہ پیچھا کر رہاتھا۔ صدیق نے مزید بتایاکہ اسی دوران انہوں نے دیکھاکہ ایک بال نما طیارہ جسے آگ لگی ہوئی تھی ، سامنے پاکستانی زیر انتظام کشمیرکی پہاڑیوںپر گرا ۔انہوںنے بتایاکہ پہلے تو وہ یہی سمجھے کہ شائد یہ طیارے کی طرف سے کوئی بم پھینکاگیاہوگا لیکن بعد میں پتہ چلاکہ یہ بھارتی فوج کا طیارہ تھا جو گر کر تباہ ہوگیا۔وہیں پر موجود نصیر احمد نے بتایاکہ حد متارکہ پر فائرنگ اور گولہ باری روزانہ کا معمول ہے لیکن جنگی طیاروں کو انہوں نے اس حالت میں پہلی مرتبہ دیکھاہے ۔