سرینگر// تجارتی مرکز لالچوک و ملحقہ علاقوں کے تاجروں نے بیک زباں لاک ڈائون کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جوائنٹ کارڈی نیشن کمیٹی آف سٹی سینٹر ٹریڈرس نے بدھ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون کو ختم کرنے کاکا انتخاب کریں بصورت دیگر بہت سے افراد کو فاقہ کشی پرمجبورہوں گے۔ کارڈی نیشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فرحان کتاب نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن نے لوگوں کے روزگار کو بری طرح متاثر کیا ہے اور وہ پنے اہل خانہ سمیت فاقہ کشی کیلئے مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجروں سے لے کر ٹرانسپورٹرز تک ، کاروباری برادری خاص طور پر سٹی سنٹر دکانداروں کو لاک ڈائون نے بری طرح متاثر ہے ، کیونکہ گذشتہ ایک ماہ سے کوئی بھی دکان نہیں کھل سکی۔انہوں نے کہا کہ حکومت لاک ڈائون کو ختم کرنے کے ضوابط کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لئے متعلقین اور طبی ماہرین کا مشترکہ اجلاس طلب کرے۔ فرحان کتاب نے کہا کہ تاجروں نے سرکار کی جانب سے مقرر کئے گئے معیاری عملیاتی طریقہ کارکے ممکنہ پر ضوابط کی پاسداری کے لئے مکمل تعاون فراہم کیا ۔انہوں نے تاجر برادری کے لئے ریلیف پیکیج کی بھی مانگ کی اور کہا کہ یہ عمل بجلی ، صفائی ستھرائی ، جی ایس ٹی کی قانونی تاریخوں میں خصوصی توسیع ، سود میں استثنیٰ او ریٹرن فائل نہ کرنے پر جرمانے جیسے سروس بلوں کی ادائیگی پر عام معافی سے شروع ہونا چاہئے۔