سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر بصیراحمد خان نے کہاہے کہ بھاری برفباری کے نتیجے میں ضروری خدمات کی فراہمی میں جو رکاوٹ درپیش آئی تھی اسے انتظامیہ نے 24گھنٹے متحرک رہ کر چند ہی گھنٹوں میں بحال کردیا ہے ۔صوبائی کمشنر نے بجلی او ر پانی سپلائی کے حوالے سے طلب کی گئی میٹنگ کے دوران صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ بجلی،پانی کے علاوہ طبی خدمات اور اشیاء ضروریہ کی فراہمی میں انتظامیہ نے بروقت کاروائی کی اور مشکل موسمی صورتحال کے دوران فیلڈ عملے اور افسران کو متحرک رکھ کر عوامی ضروریات کو پورا کیا ۔اس موقعے پر تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں نے بتایا کہ تمام لازمی خدمات کو بحال کیا گیا ہے اور تمام اضلاع میں ضروری اشیاء کی سپلائی جاری کی گئی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تمام شاہرائوں اور رابطہ سڑکوں سے برف ہٹالی گئی ہے اور عبور ومرور کیلئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔