لارنو کوکرناگ سکول میں گیس سلنڈردھماکہ

سرینگر//لارنو کوکرناگ کے علاقے میں مڈ ڈے میلز پکانے کے دوران گیس سیلنڈرپھٹ جانے کے نتیجے میں دوباورچی اور سی پی ڈبلیو ملازم سمیت تین افراد زخمی ہوئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔مڈل اسکول لارنوکوکرناگ میںاُس وقت خوف ودہشت اورسنسنی دوڑگئی جب مڈل اسکول میں زیرتعلیم طلاب کیلئے مڈ ڈے میلز پکایاجارہاتھا کہ اس دوران مڈل اسکول کے کچن میں موجود گیس سیلنڈر سے گیس کااخراج ہوااورگیس سیلنڈرنے آگ پکڑلی جس کے نتیجے میں وہ زورداردھماکے کیساتھ پھٹ گیا۔گیس سیلنڈرپھٹ جانے کے نتیجے میں مڈڈے میلز پکانے والے دوباورچی ممتازہ بانو زوجہ گلزار احمد میر اور حسینہ بانو زوجہ محمدیوسف سی پی ڈبلیوملازم سجاد احمد بٹ ولد محمد رمضان ساکنان کوکرناگ زخمی ہوے، جنہیں فوری طور پرلارنوکوکرناگ کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچادیاگیاجہاں ڈاکٹروں نے ممتازہ بانو کی حالت غیرتسلی بخش قراردے کراسے مذیدعلاج کیلئے سرینگرمنتقل کیا۔پولیس کے مطابق گیس سیلنڈر پھٹ جانے کے معاملے کے حوالے سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ۔