سرینگر+پونچھ//پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر لائن آف کنٹرول پرکرناہ اور پونچھ کے علاوہ جموں میں بین الاقوامی سرحدکے کئی مقامات پر جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی فوج نے پاکستانی سیکورٹی فورسز کو مٹھیائیاں پیش کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چلیانہ ٹیٹوال کراسنگ پوائنٹ کرناہ پر پاکستانی فوجیوں میں ان کے یوم آزادی کے موقع پر مٹھائیاں بانٹ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے ایسا کر کے لائن آف کنٹرول پر امن و آشتی کو قائم رکھنے کے ارادے کا مظاہرہ کیا۔فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے ہمیشہ ایسے اقدام کر کے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط و شیریں بنانے کی کوششیں کی ہیں تاکہ خطے میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے ۔ادھر سرحدی ضلع پونچھ میں چکاں دا باغ کراسنگ پر حدِ متارکہ پرہندوستانی فوج نے پاکستانی رینجرس کو مٹھائی دی اوریوم آزادی کی مبارکباد دی۔ دریں اثنا جموں کے بارڈر آوٹ پوسٹس پر بھی بی ایس ایف اور پاکستانی رینجرز نے مٹھائیوں کا تبادلہ کیا ۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا: ‘پاکستانی رینجرز اور بی ایس ایف نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر جموں فرنٹیئر کے تحت آنے والے مختلف بارڈر آوٹ پوسٹس پر مٹھائیوں کا تبادلہ کیا ‘۔قبل ازیں دونوں طرف کی افواج نے 21 جولائی کو عید الاضحیٰ کے موقع پر مٹھائیوں کا تبادلہ کیا تھا۔