مالیاتی رکاوٹوں کے باوجود بجٹ فریم ورک کو جاری رکھا جائیگا:وزیر اعلیٰ
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو کہا کہ مالیاتی رکاوٹوں کے باوجود، حکومت پچھلے سال شروع کیے گئے بجٹ فریم ورک کو جاری رکھے گی، جاری سکیموں کی پیش رفت کو یقینی بنائے گی، اور ترقی کو ٹریک پر رکھنے کے لیے نئے اقدامات متعارف کرائے گی۔انہوں نے مجوزہ نیشنل لایونیورسٹی پر جموں کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزامات کو بھی مسترد کر دیا، یہ سوال کرتے ہوئے کہ جب خطے میں آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم جیسے اعلیٰ ادارے قائم کئے گئے تھے، تو اسی طرح کے خدشات پہلے کیوں نہیں اٹھائے گئے تھے۔مجوزہ نیشنل لا یونیورسٹی کو کشمیر سے جموں منتقل کرنے کے بی جے پی کے مطالبے کے بارے میں پوچھے جانے پر عبداللہ نے کہا کہ جب جموں کو آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم ملا تو کشمیر کو کیا ملا۔انکا کہنا تھا”تو پھر آپ نے برابری کی بات کیوں نہیں کی؟ پھر آپ نے یہ تنازعہ کیوں نہیں کیا کہ دونوں کو جموں میں نہیں کھولنا چاہئے؟ ایک جموں میں کھولنا چاہئے اور ایک کشمیر میں کھولنا چاہئے، تب آپ لوگوں کو برا نہیں لگا، اب جب نیشنل لا یونیورسٹی کی بات آتی ہے تو آپ کو امتیاز نظر آتا ہے،‘‘۔ انہوں نے کہا’’یہ فیصلہ ہم پر چھوڑ دو، ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، پھر ہم دیکھیں گے کہ ہم فیصلہ کہاں کریں گے”۔ جموں ضلع کے جامع جائزہ اجلاس کے بعد یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنوری اور فروری بڑے فیصلے لینے کا صحیح وقت نہیں ہے کیونکہ اب جو بھی مختص کیا گیا ہے وہ مارچ میں ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہا”ہم نے میٹنگ میں ایک جائزہ لیا ہے،بڑے فیصلے اگلے سال کے بجٹ میں شامل کیے جائیں گے،ضلع کو الاٹ کیے گئے فنڈز کا ایک اہم حصہ پہلے ہی استعمال ہو چکا ہے جبکہ ہم معمولی فرق کو دور کر رہے ہیں،” ۔عبداللہ اپنی سرکاری رہائش گاہ زیارت روڈ سے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں میٹنگ کے مقام تک تقریبا ًآدھا کلومیٹر پیدل گئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا”مرکزی حکومت کی طرف سے جتنی مدد ملے گی اچھی ہوگی کیونکہ جموں و کشمیر کی مالی حالت اچھی نہیں ہے، ہم جاری سکیموں کو آگے بڑھائیں گے، اور کچھ نئے اقدامات متعارف کرائیں گے،” ۔