عظمیٰ نیوزسروس
جموں// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگرجموں قومی شاہراہ پر مسافر بر دار گاڑیوں کی دو طرفہ نقل و حمل جاری ہے تاہم مال بر دار گاڑیوں کو بدھ کو جموں سے سری نگر جانے کی اجازت ہے ۔واضح رہے کہ رام بن میں 20اپریل کو ہوئی طوفانی بارشوں اور بادل پھٹنے کے نتیجے میں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی جس کو بعد میں یکطرفہ ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا تھا۔ٹریفک حکام نے بدھ کو بتایا کہ قومی شاہراہ پر مسافر بر دار گاڑیوں کی دو طرفہ نقل و حمل جاری ہے تاہم بڑی گاڑیوں کو جموں سے سری نگر جانے کی اجازت ہے ۔مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ لین ڈسپلن پر عمل کریں اور اوور ٹیکنگ کرنے سے احتراز کریں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور وادی کو مرکز کے زیر انتظام خطے لداخ سے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر روڈ ٹھیک کرنے والی ایجنسیوں کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔