محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ تین دن بعد جزوی طور پر دوبارہ کھل گئی ہے۔ ٹریفک حکام نے کہا ہے کہ جمعہ کی شام در ماندہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔دن تک معطل رہنے کے بعد، امرناتھ یاترا آج ہفتہ سے دوبارہ شروع ہوگی۔یاتریوں کو بگوتی نگر بیس کیمپ جموں سے صرف بالتل کے راستے جانے کی اجازت ہوگی۔خراب موسم کی وجہ سے کسی یاتری کو پہلگام کے راستے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
گزشتہ چار روز سے جاری بارشوں کے باعث جموں سرینگر قومی شاہراہ جمعہ کو مسلسل تیسرے روز بھی ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند رہی تاہم جمعہ کی دوپہر کے بعد موسم میں بہتری آنے پر ادھمپور سے بانہال کے درمیان متاثرہ مقامات پر شاہراہ کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا اور ٹریفک کو جزوی طور پر بحال کیا گیا۔چار روز سے جاری موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ادھمپور، رام بن اور بانہال کے درمیان قومی شاہراہ کم از کم ایک درجن مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، ملبہ گرنے اور پتھر کھسکنے سے متاثر ہوئی۔ متعدد مقامات پر ملبہ جمع ہونے سے ٹریفک مکمل طور پر معطل رہا ۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ادہمپور ۔ رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ پر سمرولی، دیول پل، پیڑاہ، سیری، کیلا موڑ، ماروگ، بیٹری چشمہ، پنتھیال، گانگروں اور کشتواڑی پتھر شیر بی بی سمیت کئی مقامات پر بحالی کا کام جاری رہا۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے راجہ عادل حمید، نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شام دیر گئے شاہراہ کو جزوی طور پر بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ادہمپور ، رام بن اور بانہال میں درماندہ گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر نکالاجائے گا۔