عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈی پی ایس بڈگام کے طلباء نے سونہ مرگ میں منعقدہ 8ویں نیشنل اسنو شو چیمپیئن شپ 2024 میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔بیان کے مطابق نویں جماعت کی تمنا بلال نے 400 میٹر سپرنٹ میں سلور میڈل حاصل کیا جبکہ حریم ظفر نے بہترین اسپورٹس مین کا ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ تمنا اور حریم دونوں نے گزشتہ سال منعقدہ ریاستی سطح کی چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ چمپئن شپ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر گاندربل نے کیا اور سیاحتی مقام پر سرمائی کھیلوں کے اس بڑے ایونٹ کا آغاز کیا۔چیمپیئن شپ ضلع انتظامیہ کے عہدیداروں اور ہندوستان بھر میں سرمائی کھیلوں کی تنظیموں کے نمائندوں کی موجودگی میں بہت دھوم دھام سے شروع ہوئی۔ اس ایونٹ میں ملک کے مختلف حصوں کی 13 ریاستوں سے تقریباً 150 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔