ست شرما کی سنجے سیٹھ سے ملاقات، جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ
عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//جموں و کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن ست شرمانے نئی دہلی میں مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال، مرکز کی انسدادِملی ٹینسی حکمت عملی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں امن و معمول کی زندگی کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ملاقات کے دوران ست شرما نے وزیر اعظم نریندر مودی کی فیصلہ کن قیادت اور وزارتِ دفاع کی جانب سے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اختیار کیے گئے مؤثر اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ’’12 سال بے مثال‘‘ عوامی رابطہ مہم کے تحت سنجے سیٹھ کے حالیہ دورۂ کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مرکز کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کی۔ست شرما نے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے خوشامدانہ سیاست کی جگہ ملی ٹینسی کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی نافذ کی ہے۔ آج کا ہندوستان نہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کرتا ہے اور نہ ہی ملک کے اتحاد اور سالمیت کو چیلنج کرنے والی قوتوں کے سامنے جھکتا ہے۔ جموں و کشمیر آج امن، ترقی اور عوامی اعتماد کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے کیونکہ اب ملک میں ایسی حکومت ہے جو کھوکھلے وعدوں کے بجائے فیصلہ کن اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ بہتر سیکورٹی، ریکارڈ سیاحت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوامی شرکت میں اضافے کے ذریعے جموں و کشمیر میں جو نمایاں تبدیلی آئی ہے، اس نے ان عناصر کو مایوس کر دیا ہے جو خطے میں امن اور معمول کی زندگی کی بحالی کو ہضم نہیں کر پا رہے۔ ان کے مطابق ایسے عناصر بار بار امن کے ماحول کو خراب کرنے اور جموں و کشمیر کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش کے خلاف پوری قوم کو متحد رہنا ہوگا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ’’قوم پہلے‘‘ بھارتیہ جنتا پارٹی کا بنیادی اصول ہے اور پارٹی کا ہر کارکن ہندوستان کی وحدت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے سنجے سیٹھ کو جموں و کشمیر کا دوبارہ دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے میں بی جے پی تنظیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت جموں و کشمیر میں دیرپا امن، مضبوط قومی سلامتی اور ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔