عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکز نے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت موسمیاتی کارکن سونم وانگچک کی حراست کو فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے، تقریباً چھ ماہ بعد اسے جودھپور جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ اسے لیہہ میں پرتشدد مظاہروں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جس میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔یہ فیصلہ، منگل کو سپریم کورٹ کا انکی بیوی گیتانجلی جے انگمو کی طرف سے دائر کی گئی ایک درخواست پر سماعت ملتوی کرنے کے چند دن بعد کیا گیا، جس میں اس کی نظر بندی کو چیلنج کیا گیا تھا۔
وانگچک کو 26 ستمبر 2025 کو لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور آئین کے چھٹے شیڈول کے تحت اس کی شمولیت کے مطالبات پر ہونے والے مظاہروں کے دو دن بعد حراست میں لیا گیا تھا ۔ایک سرکاری بیان میں، حکومت نے لداخ میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کے ماحول کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعمیری اور بامعنی بات چیت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔اس نے کہا”اس مقصد کو آگے بڑھانے میں، اور مناسب غور و خوض کے بعد، حکومت نے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت دستیاب اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے فوری اثر سے سونم وانگچک کی نظر بندی کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،” ۔وانگچک پہلے ہی مذکورہ ایکٹ کے تحت نظربندی کی تقریبا نصف مدت سے گزر چکے ہیں۔حکومت نے کہا کہ ہڑتالوں اور مظاہروں کا موجودہ ماحول معاشرے کے امن پسند کردار کے لیے نقصان دہ ہے اور اس نے کمیونٹی کے مختلف طبقات بشمول طلبا، ملازمت کے خواہشمند، کاروبار، ٹور آپریٹرز اور سیاحوں اور مجموعی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔