کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ کے وارڈوں میں انتظامیہ ترقیاتی کاموں کے بڑے دعوے کرتی ہے لیکن وارڈ 12کی عوام انتظامیہ کے ان دعوئوں کومسترد کررہی ہے۔وارڈ 12سے تعلق رکھنے والے مقامی افرادنے کہا کہ میونسپلٹی کمیٹی کشتواڑ کے وارڈ 12 میں نالیوں کی فوری مرمت کی ضرورت ہے جبکہ وارڈ کو ملانے والے لنک روڈ ،جن میں بس سٹینڈ تا فلٹر یشن پلانٹ ڈرنیج ،مین چوک باغوان محلہ سے عمر مسجد تک گلی ، ہسپتال چوک سے عمر مسجد ، باغوان محلہ سے نئے بس سٹینڈ ، فیصل آباد چوک سے کے وی سکول روڈ تک ، شیو مندر سے فلٹریشن پلانٹ ، فلٹریشن پلانٹ سے شیو مندر کی پائپ لائن ، شیو مندر سے پیر گلی و این ایچ پی سی کالونی کی اندرونی سڑکوں کی مرمت کی ضرورت ہے جبکہ عمر محلہ میں کوڑے دانوں و سٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی سے عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وارڈ میں پانی سپلائی فراہم کرنے والی پائپیںزنگ آلودہ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں اور انتظامیہ کو انکی مرمت کرنے کی طرف توجہ دینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وارڈ 12 جو سیمنا این ایچ پی سی کالونی کے نام سے مشہور ہے، این ایچ پی سی حکام اور میونسپلٹی کمیٹی کشتواڑ کے درمیان آپسی جھگڑے کا شکار ہوا ہے اور ترقیاتی ایجنڈے کو کھو چکا ہے جس کی وجہ سے اس وارڈ کی سڑکوں ، گلیوں اور پائپ لائنوں کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ سے اپیل کی کہ وہ فوری طور اس وارڈ کی ترقی کے لیے میونسپل کمیٹی اور این ایچ پی سی حکام کو ہدایت دے تاکہ اس وارڈ کی تعمیر و ترقی ممکن ہوسکے۔