عظمیٰ نیوز سروس
جموں//حکومت نے جمعہ کو قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ کشمیر میں ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن کے پاس 40شہری بلدیاتی اداروں (یو ایل بی) کو پورا کرنے کیلئے صرف 3 ٹاؤن پلانر ہیں، جو کہ محکمہ میں تکنیکی عملے کی شدید کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔جاری بجٹ اجلاس کے دوران قانون ساز سجادغنی لون کے ایک سوال کے تحریری جواب میں، وزیر اعلیٰ (جو ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے محکمے کا چارج رکھتے ہیں) نے کہا کہ کشمیر میں ٹاؤن پلانر کا یو ایل بی کے ساتھ تناسب 1:12 ہے۔حکومت نے کہا کہ کشمیر خطے میں40شہدی بلدیاتی ادارے ہیں،بشمول 10میونسپل کونسلز اور 30 میونسپل کمیٹیاں۔اس سوال کاجواب دیتے ہوئے کہ آیا ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے TPO سےNOCS لازمی ہیں، حکومت نے کہا کہ میونسپل ایکٹ2000 کی دفعہ 203اور J&جے اینڈکے نوٹیفائیڈ بلڈنگ بائی لاز2021 کا حکم ہے کہ میونسپلٹی کی منظوری کے بغیر کسی بھی عمارت کی تعمیر یا مواد میں ردوبدل نہیں کیا جائیگا۔حکومت نے جے اینڈ کے بلڈنگ بائی لاز کی شق 2.18 کا بھی حوالہ دیا جس کے لیے ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن سمیت مختلف محکموں سے این او سی کی ضرورت ہوتی ہے۔ایک اور سوال پر کہ کیا حکومت ہر مقامی ادارے میں ایک رہائشی معمار یا انجینئر کو تعینات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جواب نفی میں تھا۔تاہم، حکومت نے کہا کہ ٹاؤن پلاننگ آرگنائزیشن کو ایک ضلعی کیڈر بنانے کیلئے دوبارہ منظم کیا گیا ہے تاکہ ہر ٹاؤن کیلئے ماسٹر پلان کی تیاری اور عمل درآمد میں مدد ملے۔جواب میں خالی آسامیوں کو پْر کرنے یا موجودہ افرادی قوت کو بڑھانے کیلئے کسی ٹائم لائن کی نشاندہی نہیں کی گئی۔