بارہمولہ /فیاض بخاری/شمالی قصبہ بارہمولہ اور اس کے متصل کئی اہم مقامات پر اسٹریٹ لائٹ بے کار ہیں جس سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ قصبہ بارہمولہ کے تحصیل روڈ، مین چوک،سیمنٹ پل، اولڈ ٹاون ،توحید گنج،آزاد گنج ،خان پورہ،خواجہ باغ ،خانپور ہ پُل، نانک بھون اور آزاد گنج پل سمیت دیگر کئی اہم مقامات پر اگرچہ سینکڑوں اسٹریٹ لائٹ نصب کی گئی ہیں لیکن وہ بیکار پڑی ہے جس سے رات کے د و ر ان اسپتال آنے والے مریضوں اور عام لوگوں کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ بیوپار منڈل بارہمولہ کے جنرل سیکریٹری انجینئرطارق احمد مغلو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگرچہ قصبہ اور اسکے آس پاس کے مقامات پر سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کیلئے لاکھوں روپے خرچ کئے گئے ہیں تاہم عوام کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ دو سال قبل اگر چہ ہائی ماس بیم نامی کئی لائٹس نصب کی گئیں جس میں صرف ایک لائٹ کی قیمت 33 لاکھ روپے ہے ،وہ بھی بیکار پڑی ہیں جس کے نتیجے میں عوام کو گوناگو ںمشکلات کاسامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ یہ معاملہ کئی بار ضلع انتظامہ کی نوٹس میں لایا گیا تھا تاہم ابھی تک ان کی مرمت نہیں کی گئی ہے اور شام ہوتے ہی پورا قصبہ اور اس کے آس پاس علاقے گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان سولر لا ئٹس کے بیکار ر ہونے سے قصبے کے عام لوگوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ چو روں ونقب زنوں کے ڈر کا احتمال بھی رہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قصبہ اور اسکے اہم مقامات پر آوارہ کتوں کی بھرماربھی رہتی ہے جسے اند ھیر ے میں چلنا پھرنا اور بھی دشوار بن جاتا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کی جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے۔اس سلسلے میں میونسپل کونسل بارہمولہ کے چیرمین توصیف رینہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ہے کہ جب سے میں نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالاہے میں نے خود قصبے میں پچاس لائیٹں نصب کروائے ہیں اور وہ تمام لائٹس ٹھیک ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں جہاں بھی اسٹریٹ لائٹس خراب پڑی ہوگی اگلے چند روز میں اُنہیں مرمت کرکے ٹھیک کیا جائے گا ۔
قصبہ بارہمولہ میں سٹریٹ لائٹ بے کار
