عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکرٹری ترن چگ نے جموں و کشمیر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 1947 کے واقعات میں مبینہ طور پر پاکستان آرمی اور قبائلی حملہ آوروں کے ہاتھوں ہونے والے متاثرین کی یاد میں ‘‘ہولوکاسٹ ڈے’’ منائے۔ سری نگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1947 میں پاکستان آرمی نے قبائلیوں کے بھیس میں اس وقت کی ریاست جموں و کشمیر پر حملہ کیا، جس دوران بڑے پیمانے پر قتل و غارت، لوٹ مار اور خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتیاں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعات ایک ‘‘ہولوکاسٹ’’ کے مترادف تھے اور ان کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے سرکاری سطح پر ایک دن مخصوص کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے تاریخ کو دستاویزی شکل دی جانی چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں ان واقعات سے آگاہ رہیں۔ چگ نے مزید کہا کہ ان واقعات پر مبنی دستاویزی فلمیں تیار کی جائیں اور انہیں عوامی سطح پر دکھایا جائے تاکہ تاریخی حقائق کو محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس دور کے واقعات پر تحقیقی کتب بھی لکھی جانی چاہئیں اور اس وقت کے متاثرین کے ریکارڈز کو عوام کے سامنے لایا جانا چاہیے۔