عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائلز کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ ہینڈی کرافٹس زُمرے میں باوقار نیشنل ایوارڈ جیت کر کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔رعناواری سے تعلق رکھنے والے منظور احمد خان اور علمگری بازارسرینگر کے خواجہ نذیر علی کو ہاتھ سے بُنائی قالین اور سوزنی کڑھائی کے شعبے میں بہتر کارکردگی پر صدرِ جمہوریہ ہندکی جانب سے9 ؍دسمبر کو نئی دہلی کے وِگیان بھون میں نیشنل ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں وزارتِ ٹیکسٹائلز کا شکریہ اَدا کیا اور دونوں کاریگروں کو کشمیر کی ہینڈی کرافٹس کیلئے اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی جو اپنی نفیس ڈیزائننگ اور دلکش رنگوں کے لئے دُنیا بھر میں مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ہم اُن کی اس کامیابی پر بے حد خوش ہیں کیونکہ اُنہوں نے سوزنی اور قالین بافی جیسے فنون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے‘‘۔ترجمان نے ڈیولپمنٹ کمشنر( ہینڈی کرافٹس) وزراتِ ٹیکسٹائلز کے دفتر کے فیلڈ آفیسر شیخ رفیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ایوارڈ ایک توصیفی سند اور دو لاکھ روپے نقد انعام پر مشتمل ہے۔انہوں نے مزید کہا ’’ایوارڈ یافتگان کے علاوہ دو اور کاریگروں سوزنی کشیدہ کاری میں بڈگام کی مشکورہ حمید اور پیپر ماشی میں سرینگر کے میر ارشد حسین کو خصوصی ذکر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے اور انہیں بھی وِگیان بھون کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے‘‘۔