سرینگر// پیپلز لیگ نے قاضی گنڈ جھڑپ میں جاں بحق جنگجوئوں اور عام شہری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے یہ سرفروش قوم کوآزادی دلانے کیلئے اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں ۔ پیپلز لیگ کے ایک وفدنے عبد الرشید ڈار کی قیادت میں کولگام جاکر جاں بحق جنگجوئوں کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔اس دوران پیپلز لیگ کے ایک اور دھڑے کے وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی کی سربراہی میں ایک وفد نے فورسز کی فا ئر نگ میں جاں بحق ہو ئے عام شہر ی کے غمزدہ اہل خانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔وفد لیگ کے جنرل سیکرٹری غلام نبی درزی ،صوبائی صدر شیخ ظہور احمد ،عبدالحمید الٰہی ،جان محمد او ر دیگر ارکان پر مشتمل تھا ۔دختران ملت نے قاضی گنڈ میں جاں بحق کئے گئے 5 جنگجوئوں اور ایک عام شہری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تنظیم کی ترجمان رفعت فاطمہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم نفوس کی یہ قربانیاں مسلمانان کشمیر پر ایک احسان ہے۔محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن انتو ،ینگ مینز لیگ کے امتیاز احمد ریشی، تحریک استقلال کے چیئرمین غلام نبی وسیم اور تحریک استقامت کے غلام نبی وار نے جاں بحق ہوئے عسکریت پسندوں اور نہتے عوام پر فوج کی بلاجواز فائرنگ کے دوران جاں ہوئے نوجوان کو خراج عقیدت ادا کیا۔اسلامی تنظیم آزادی چیئرمین عبدالصمدانقلابی نے بھی خراج عقیدت پیش کیاہے ۔