سرینگر// انجمن شرعی شیعیان نے ایران کی مسلح افواج اور سپاہ قدس کے سربراہ قاسم سلیمانی اور دیگر شہدائے بغداد کو انکی دوسری برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔موصولہ بیان کے مطابق اس سلسلے میںانجمن کے صدر دفتر پر تنظیم کے صدر آغا سید حسن کی صدارت میں ایک مجلس ترحیم کا انعقاد ہوا جس میں مقامی لوگوں کے علاوہ تنظیمی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مجلس ترحیم میں کئی علماء نے شرکت کی اور قاسم سلیمانی کے کارہائے نمایاں کی وضاحت کی۔ مقررین نے مشرقی وسطیٰ میں اسلام دشمن قوتوں کے منصوبوں اور جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے میں موصوف کے کلیدی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔مقررین نے خراج عقدیت پیش کرتے ہوئے موصوف کی شہادت کو ایک ملی صدمہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی حفاظت اور خطے میں مستضعفین کی نصرت و حمایت کے حوالے سے شہید موصوف کی گرانقدر خدمات اور کارناموں کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ مجلس ترحیم میں جن دیگر معززین نے اظہار خیال کیا ان میں سید محمد حسین ،سید محمد حسین صفوی اورآغا سید مجتبیٰ عباس شامل ہیں۔ اس موقع پر تنظیم سے وابستہ کئی ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی۔