راولپنڈی//کشمیر جرنلسٹس فورم نے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں 'این آئی اے' کے ہاتھوں فری لانس فوٹو گرافر کا مران یوسف کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فورم نے کہا کہ کامران یوسف کی بغیر کسی وجہ سے گرفتاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔کامران یوسف کی گرفتاری کے خلاف کشمیر جرنلسٹس فورم کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر عابد خورشید نے کی جبکہ سینئر صحافی سردارعاشق خان ،نائب عبداللطیف ڈار، سیکریٹری اطلاعات نثار احمد کیانی ،سیکرٹری مالیات راجہ ماجد افسر،ممبر گورننگ باڈی محمد اقبال اعوان ،دانش ارشاد اور دیگر افرادموجود تھے۔ فورم کے عہدیداران نے کہا کہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والے قائدین کے خلاف این آئی اے کے چھاپے اور گرفتاریاں سیاسی انتقام اور انہیں بدنام کرنے کی ایک مہم کا حصہ ہے۔کشمیر جرنلسٹس فورم کے عہدیداران نے فوٹو گرافرکامران یوسف سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔کشمیر جر نلسٹس فورم کے عہدیداران نے خاتون صحافی گوری لنکیش کے قتل کی بھرپور انداز میں مذمت کی اور قصورواروں کو فورا گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔
فوٹوجرنلسٹ کامران یوسف کی گرفتاری
