فورلین شاہراہ کی زد میں آئے متاثرین کو جلد معاوضہ ادا کرنے کی اپیل

 بانہال// ینگ پنتھرس پارٹی کے ضلح صدر رام بن  نے کہا ہے کہ رامسو سب ڈویژن کی مختلف جگہوں پر فورلین شاہراہ کی تعمیر کی زد میں آئے  لوگوں کی اراضی اور پھلدار درختوں کو نیست و نابود کرنے کے باوجود نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا زمیندار متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے میں مکمل طور ناکام ہوگئی ہے۔ینگ پنتھرس پارٹی کے ضلع صدر رامبن افتیاز احمد سوہل نے کہا کہ پچھلے سال رامسو کے گانگرو ، حسن باس اور ہنگنی میں فورلین پروجیکٹ کی وجہ سے کئی لوگ رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے بے گھر ہوگئے ہیں اور ابھی تک ان لوگوں کو معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انتظامیہ نے متاثرین کو دوسری جگہ منتقل کیا ہے لیکن اپنا مکان نہ ہونے کی وجہ سے یہ کنبے کسمپرسی کی زندگی جی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کمپنی، انتظامیہ اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا نے کئی بار یقین دھانی کرائی کہ تمام متاثرین کو جلد ہی معاوضہ ادا کیا جائے گا لیکن اب تک متعلقہ ایجنسیوں کی ان یقین دھانیوں کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ سب ڈویژن رامسو اور بانہال کے علاقوں میں دکان مکان کھیت کھلیان سمیت فورلین شاہراہ پروجیکٹ سے متاثر ہوئے لوگوں کو جلد از جلد معاوضہ ادا کیا جائے اور رامسو ، ہنگنی ، حسن باس اور گانگرو کے لوگوں کو معاوضہ اور بعض آباد کاری کے اقدامات کئے جائیں تاکہ برفباری سے  پہلے پہلے یہ متاثرین اپنے گھروں میں جا سکیں۔