نئی دہلی//بھارتی فوج نے پہلی بار انسانی حقوق کے مسائل کاجائزہ لینے اور انہیں بہتر بنانے کیلئے تجاویز دینے کیلئے پہلی بار میجر جنرل عہدہ کے افسر کاتقررکیا ہے۔میجرجنرل گوتم چوہان نے جمعرات کو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیومن رائٹس کاعہدہ سنبھالا اوروہ فوج کے نائب سربراہ لیفٹینٹ جنرل ایس کے سینی کے ماتحت کام کریں گے ۔فوج کی پہلی خصوصی انسانی حقوق سیل ،جوکسی بھی انسانی حقوق کی پامالی کودیکھنے کیلئے نوڈل باڈی ہوگی ،کے سربراہ کاعہدہ سنبھالنے سے قبل میجر جنرل چوہان برگیڈیر آپریشنزلاجسٹکس کے طور کام کررہے تھے اور وہ کووِڈ- 19سے متعلق معاملات کے فوج کی تینوںشاخوں کے نوڈل افسرتھے۔ گورکھا رائفلز سے انفینٹری افسرمیجر جنرل چوہان نے شمال مشرق میں برگیڈوں کی قیادت کی ہے۔انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ملٹری آپریشنز میں بھی کام کیا ہے ۔اس تقرر کوبھارتی فوج کی انسانی حقوق سے متعلق وعدہ بندی کے طور دیکھا جارہا ہے ۔گزشتہ سال فوجی ہیڈ کوارٹر کی تشکیل نو کے حصہ کے طور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیومن رائٹس کاعہدہ قائم کیا گیا تھا۔ وزارت دفاع کے مطابق ہیومن رائٹس یونٹ کا قیام اس مقصد کے تحت عمل میں لایاگیا تاکہ فوج کی طرف سے انسانی حقوق کے اصولوں کی پاسدار ی کو یقینی بنایا جاسکے۔وزارت کے مطابق شفافیت میں اضافہ اور بہترتحقیقاتی عمل کیلئے پولیس سے ایس ایس پی یاایس پی رینک کے افسر کو ڈیپوٹیشن پرلیاجائے گا۔ ہومن رائٹس سیل میں اندین پولیس سروس افسر بھی ہوگا جو مختلف اداروں اور وزارت داخلہ کے ساتھ تال میل کوسہولت کار کا کام کرے گا۔