منیلا/نئی دہلی// (یواین آئی)وزیرخارجہ ایس جے شنکر اتوار کو سہ روزہ فلپائن دورے کیلئے روانہ ہوئے۔وہ فلپائن بحریہ کے ساتھ برہموس میزائلوں کی تین بیٹریوں کیلئے 37.49 کروڑ امریکی ڈالر کا سودا کریں گے۔اپنے سفر کے دوران جے شنکر صحت،سکیورٹی تعاون ،باہمی مفاد اور عالمی امور سمیت فلپائن- ہندوستان تعلقاقت پر فلپائن کے وزیر خارجہ سکریٹری تیودو ایل لوکسن جونیئر کے ساتھ بات چیت کریں گے۔فلپائن کی وزارت خارجہ نے کہا،’’ڈاکٹر جے شنکر کا سفر فلپائن اور ہندوستان کے درمیان کووڈ کے بعد اپنے تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔‘‘دونوں رہنماؤں کے ذریعہ دوطرفہ تعلقات پر مشترکہ کمیشن کی میٹنگ کے بعد سے دوطرفہ تعلقات میں ترقی کاجائزہ لئے جانے کی امید ہے۔واضح رہے کہ نومبر 2020 میں دونو ں ملکوں کے مشترکہ کمیشن نے دوطرفہ تعاون پر ورچوؤل میٹنگ کی تھی۔اس میٹنگ میں عالمی صحت کا بحران،صبح اور دوا سازی میں تعاون،زراعت،توانائی اور اطلاعات و نشریات کے شعبہ میں اقتصادی بحالی کے سلسلے میں بات چیت ہوئی تھی۔
فلپائن کے دورے پر روانہ ہوئے جے شنکر
