یروشلم / واشنگٹن// امریکی کانگریس کے اراکین نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار فلسطینی بچوں پر تشدد کے خلاف بل ایوان میں پیش کردیا۔ اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن پاٹی مارکولم نے کانگریس میں ایک بل پیش کیا جس میں کہا گیا کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بچوں کے بنیادی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں، اس لیے ٹرمپ انتظامیہ صہیونی ریاست کو فراہم کی جانے والی امداد فوری طور پر بند کرے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل، جیوش وائیس فار پیس، ہیومن رائٹس واچ اور بی ڈی ایس نے بھی امریکا پر دباو ڈالا کہ وہ صہیونی ریاست کو دی جانے والی امداد پر نظر ثانی کرے کیونکہ صہیونی ریاست کی جیلوں میں قید فلسطینی بچوں کو غیر انسانی سلوک کا سامنا ہے۔